• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہلوں کو کچھ نہیں آتا، نئے الیکشن کا سوال قبل از وقت ہے، حمزہ شہباز

لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نااہل لوگوں کو بدتمیزی کے علاوہ کچھ نہیں آتا،نئے الیکشن کا سوال قبل از وقت ہے، اتنی جلدی انتخابات نہیں چاہتے، تمام تر تحفظات اور دھاندلی کے باوجود چاہتے ہیں جو کنٹینر پر 126 دن قوم سے وعدے کرتا رہا، اسے موقع ملنا چاہئے کہ وہ حکومت چلائے، اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک میں غیریقینی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، رپورٹر اور ایکسپورٹر رو رہے ہیں، کاشتکار کی سبسڈی بند کر دی گئی ہے، اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بیوروکریسی بھی ڈر کے مارے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہے، جب تک ماحول سازگار نہیں ہو گا، آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، ڈاکٹروں نے شہباز شریف کا علاج بیرون ملک کرانے کا مشورہ دیا ہے، گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنے جیسا کام کسی حکومت نے نہیں کیا، بنی گالہ ریگولرائز نہیں کروایا گیا، کھوکھوں والوں کی چھت چھین لی گئی، کئی جگہ لوگ دل کا دورہ پڑنے سے چلے گئے، چند ماہ دیکھیں پھر لوگ اپنا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن کا سوال قبل از وقت ہے، اتنی جلدی انتخابات نہیں چاہتے، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر حلف لیا، تمام تر تحفظات اور دھاندلی کے باوجود چاہتے ہیں جو کنٹینر پر 126 دن قوم سے وعدے کرتا رہا، اسے موقع ملنا چاہئے کہ وہ حکومت چلائے۔ حمزہ شہباز نے سوال کیا کہ این آر او کون مانگ رہا ہے؟ کس نے کس وقت کس تاریخ کو این آر او مانگا؟ یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ملک درست سمت میں نہیں جا رہا، آئی جی کو چپڑاسی کی طرح نکال دیا گیا، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں چیف جسٹس نے کہا یہ کون سا نیا پاکستان ہے؟ اپوزیشن جماعتیں ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہی ہیں، حکومت کو اپنے وعدے وفا کرنے کا وقت دیا جائیگا اور سیاسی شہید نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب دھرنے ہو رہے تھے تب ہم بجلی کے بحران پر قابو پا کر اندھیرے دور کر رہے تھے، ہم بھی پکڑ دھکڑ میں پڑ جاتے تو بجلی کے منصوبے مکمل نہ ہوتے اور نہ ہی سی پیک آتا۔
تازہ ترین