نارووال(نمائندہ جنگ)سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال چوہدری نےکہاملکی معیشت ڈوب رہی، پی ٹی آئی کے پاس عوامی مینڈیٹ ختم ہوتا جارہا ہے، ہارس ٹریڈنگ کرکے چور دروازے سے اپنا مقام بنانا چاہتی ہے ۔ 1کروڑ نوکریاں دینے کا سہانا خواب دکھا کر 125 دنوں میں 5لاکھ افراد کو بے روز گار کر دیاگیا۔احسن اقبال نے گورنمنٹ مشن ہائی سکول میں کرسمس کا کیک کاٹا۔ اور مسیحی برادری کو پورے پاکستان،مسلم لیگ ن، نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے کرسمس کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔