• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کوئی ہیرو سے زیرو اور کوئی زیرو سے ہیرو بن گیا

بالی وڈ میں سال 2018میں سلمان خان اور عامرخان کو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ، دلوں پر راج کرنے والی سپر اسٹار سری دیوی کی موت نے سب کو اُداس کردیا۔ فلموں میں ،روبوٹ ٹو ،پدماوت ،سنجو ،بدھائی ہو اور استری کی کام یابی اور دیپکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کی شادیوں کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔ رواں برس کی سب سے کام یاب بھارتی فلم رجنی کانت اور اکشے کمار کی ’’روبوٹ 2‘‘ ٹہری ، جس نے مختلف زبانوں میں دُنیا بھر میں 14ارب پاکستانی روپوں کا بزنس کیا۔اس فلم نے مہنگی ترین بھارتی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس فلم پر ساڑھے پانچ سو کروڑ بھارتی روپے کی لاگت آئی۔عامر خان کی مہنگی ترین بالی وڈ فلم’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ جس پر بھارتی تین سو کروڑ کی لاگت آئی تھی، دیوالی پر ریلیز ہونے کے باوجود بالی وڈ کی تاریخ کی فلاپ فلموں میں سے ایک قرار پائی۔اس فلم کو نہ یش راج بینر بچایا پایا، نہ ہی امیتابھ بچن اور عامر خان کا پہلی بار اسکرین پر ساتھ اور تو اور کترینا، ثریا بن کر بھی بری طرح ناکام ہوئیں۔سلمان خان کی ریس تھری بھی بس ایورج ہی رہی۔ یو ٹیوب پر ٹھگز کے ٹریلر نے پہلی بار دس کروڑ ویوز کا ریکارڈ بنایا، جسے کچھ دنوں بعد شاہ رخ خان کی زیرو کے ٹریلر نے توڑ دیا۔

اتفاق سے سلمان خان ،شاہ ر خ خان اور عامر خان، ان تینوں کی فلموں کا میوزک بھی بُری طرح فلاپ ثابت ہوا۔ یہ گزشتہ بارہ برسوں میں پہلا موقع ہے کہ سال کی سب سے کام یاب فلم میں سلمان ،عامر اور شاہ رخ خان ہیرو نہیں اور تو اور غالبا 1988کے بعد پہلا سال ہے، جب ان میں سے کسی خان کی فلم ٹاپ تھری میں بھی شامل نہیں۔ اس سال کی بہترین نئی اداکارہ کے لیے دو اسٹار کڈز دھڑک کی جھانوی کپور اور کیدار ناتھ کی سارہ علی خان کے درمیان کڑک مقابلہ ہوگا، لیکن کیدار ناتھ سے سارہ علی خان ایوارڈ کے لیے زیادہ فیورٹ ہیں۔بہترین اداکار کے لیے رنبیر کپور اور رنویر سنگھ فیورٹ ہیں ، لیکن ایوشمان بھی بڑا سر پرائز دے سکتے ہیں۔ ایوشمان نے ایک نہیں اندھا دھن اور بدھائی ہو جیسی مسلسل دو میگا ہٹ فلمیں دیں ۔ 2018میں فلموں میں ہمیشہ ٹریجڈی کا شکار بننے والے دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ شادی کے بندھن میں بند ھ گئے ،دوسری طرف دیسی گرل پریانکا انگلش بابو نِک جوناز کو اپنے دیس لے آئیں۔ان دونوں کی شادیوں کی تو دھوم رہی، لیکن سب سے زیادہ بالی وڈ کے ستارے جس شادی میں نظر آئے، وہ شادی کسی سپر اسٹار کی نہیں، بلکہ 80کھرب روپے کے مالک بھارت کے سب سے امیر شخص مکیشن امبانی کی بِٹیا کی شادی تھی۔

پاکستانی راک اسٹار عاطف اسلم نے سلمان خان کی ریس تھری اور ٹائیگر کی باغی تو سمیت سات سے زائد بالی وڈ فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔ استاد راحت فتح علی خان اس سال سلمان کی آواز تو نہیں بنے، لیکن انھوں نے اجے کی ریڈ،رنویر سنگھ کی سمبا اور ورون کی اکتوبر سمیت آٹھ بالی وڈ فلموں کے لیے سپر ہٹ گانے گائے۔

اس سال سنجو نے بھی ریکارڈ بزنس کیا اور پہلی بار رنبیر کپور نے تین سو کروڑ کا لمبا چھکا لگایا۔ فلم بنائی بھی تو پی کے،تھری ایڈیٹس اور منا بھائی والے منجھے ہوئے ڈاریکٹر راج کمار ہیرانی نے ۔ سنجو کے بعد تیسرا نمبر ’’پدماوت ‘‘ کا آیا، جسے پچھلے سال ریلیز ہونا تھا، لیکن تنازعات کی وجہ سے فلم اس سال نئے نام کے ساتھ ریلیز ہوئی اور سپر ہٹ ہوئی۔ ورون دھون نے اسی سال اپنے کیریئر کی پہلی فلا پ فلم ’’اکتوبر‘‘ دی جو آف بیٹ فلم تھی اور اس سال کریٹکس ایوارڈز کے لیے فیورٹ ہے۔کم بجٹ زیادہ پروفٹ کا فارمولا 2018میں سر چڑھ کر بولا۔راج کمار راؤ اور شاردھا کپور کی صرف 20کروڑ سے بننے والی فلم ’’استری‘‘ نے 120کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔ایوشمان کھرانہ کی بدھائی ہو اور اندھا دھن ،عالیہ بھٹ کی راضی،رانی مکھرجی کی ہچکی اور سونو کی ٹوٹو کی سوئیٹی نے بھی فلم بنانے والوں کو مالا مال کردیا۔ اس سال کا سب سے بڑا مقابلہ اکشے کمار کی ’’گولڈ‘‘ اور جان ابراہم کی ’’ستیہ میو جیت ‘‘ کے درمیان ہوا اور حیرت انگیز طور پر گولڈ اپنے بڑے بجٹ کے باوجود بزنس میں ستیہ میو جیت سے تھوڑی سی ہی آگے رہی، جس کہ وجہ سے مقابلہ جان ابراہم کے نام رہا۔

سال کی سب سے بڑی غیر حاضری ریتھک روشن کی رہی جن کی آخری فلم قابل 2017کی جنوری میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس سال کا سب سے بڑا جھٹکا سپر اسٹار سری دیوی کی اچانک موت تھی ، جو اپنی بیٹی کی پہلی فلم کی ریلیز سے کچھ دِنوں پہلے چل بسیں۔ سری دیوی کی آخری فلم زیرو ہے، جس میں انھوں نے اسپیشل اپیئرنس دی تھی۔ پچھلے سال ہالی وڈ کو ہلادینے والی ’’ می ٹو ‘‘ نے اس سال بالی وڈ کو دہلادیا اور نانا پاٹیکر اور ساجد خان کو الزامات کے بعد اپنی اپنی فلموں سے ہاتھ دھونا پڑے۔ابھی تک ان الزامات کو دونوں نے قبول نہیں کیا۔ اس سال سنجو نے پاکستان میں ریلیز ہونے والی تمام بالی وڈ فلموں سے زیادہ بزنس کیا ۔عامرخان کی ٹھگز آف ہندوستان اور سلمان خان کی ریس تھری تو ’’ڈونکی کنگ‘‘ سے بھی پیچھے رہیں۔ روان برس شاہ رخ خان کی ’’زیرو ‘‘سمیت 13فلموں نے سو کروڑ کا چھکا لگایا ۔روبوٹ ٹو کے ہندی ورژن سمیت صرف چار فلموں نے کروڑوں کی ڈبل سینچری بنائی۔ سنجو ، پدماوت اور روبوٹ ٹو کے تمام ورژن نے کروڑوں کی ٹرپل سینچری اسکور کی ۔ سلمان خان کی پچھلے سال ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کے گانے ’’سواگ سے کریں گے سواگت‘‘ اس سال یو ٹیوب پر سب سے بڑا گانا ثابت ہوا۔اس ویڈیو کو اب تک ریکارڈ70کروڑ کے قریب دیکھا جاچکا ہے ۔ میگا فلم ایونجرز تھری بالی وڈ میں دو سو کروڑ کمانے والی پہلی ہالی وڈ فلم بنی۔ دسمبر میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ کی نئی فلم زیرو ہی ’’حقیقی بالی وڈ سینما ‘‘ ہے۔زیرو غالبا اداکاری کی لحاظ سے شاہ رخ خان کی کبھی ہاں کبھی ناں اور چک دے کے برابر آ کر کھڑی ہوئی ہے ۔ایک ’’بونے ‘‘ کا کردار جو بالکل عام انسانوں کی طرح مکار، جھوٹا، فریبی، چالباز، چھچھورا، خودغرض ،چالباز، لیکن ہمت والا ہے، جس میں ’’پروا‘‘نام کی بھی نہیں ہوتی۔ کہانی انتہائی فلمی ہے ،کب کیا ہوجائے، شاید آپ کا ذہن قبول نہ کرے ، لیکن دل اتنی شدت کے ساتھ کہانی،سچویشن اور کریکٹرز کے ساتھ جڑ جاتا ہے کہ دماغ دل کواپنا حکمران مان لیتا ہے ۔فلم کی عکاسی اور ڈائرکشن بہت اعلیٰ درجے کی ہے جب کہانی میں ہر حدکوچھلانگ لگائی گئی ہے اس کو اتنا ہی خو ب صورت اور زندگی سے قریب بنا کر دکھایا گیا ہے۔ فلم کا گانا’’میرے ساتھ تو‘‘سننے میں تو مخصوص طرز کا شاہ رخ خان ٹائپ گانا لگتا ہے، لیکن اس گانے کو اس طرح اور ہٹ کر پکچرائز کیا گیا ہے کہ غالبا یہ بالی وڈ کے خوب صورت ترین شوٹ ہونے والے گانے میں سے ایک ہے اور اب تک کے ہولی کے سب گانوں سے مختلف ۔فلم کے مکالمے ’’سنجو ‘‘ سے بھی اوپر ہیں ۔فلم کی ہیروئن انوشکا شرما ہیں، لیکن بولڈنیس ،خوب صورتی اور اسٹائل میں کترینا آگے رہی۔کترینا کا کردار مختصر ضرور ہے، لیکن ٹھگز کی طرح صرف گانے نہیں ۔ کترینا، جہاں جہاں آئیں، وہاں فلم میں کچھ اور نظر ہی نہیں آتا۔ فلم میں کاجول،جوہی چاولہ ،رانی مکھرجی کے ساتھ سری دیوی بھی نظر آئیں اور یہ ان کی ریلیز ہونے والی آخری فلم تھی۔فلم میں ایک کردار میں ’’رنبیر کپور‘‘ کی جھلک بھی تھی اور اس کردار کو فلم دیکھنے والے یقینا پہچان گئے ہون گے۔سلمان خان کے ساتھ گانا سچوئشنل سونگ زیادہ بن گیا ۔ زیرو شاید اپنے ملک میں کروڑوں کی ڈبل سینچری بھی کراس نہ کرسکے، لیکن یہ بزنس کے حساب سے سلمان خان کی ریس تھری اور عامر خان کی ٹھگز کو دنیا بھر کے بزنس میں یقینا ہرادے گی۔

سال 2018 کے بہترین اداکار

رنویر سنگھ ( پدماوت)

رنبیر کپور ( سنجو)

ایوشمان کھرانہ ( اندھا دھن،بدھائی ہو)

ورون دھون (اکتوبر)

سال 2018کی بہترین اداکارہ

نصرت بھروچہ ……(سونو کے ٹی ٹو کی سوئیٹی)

رانی مکھرجی ( ہچکی)

عالیہ بھٹ (راضی)

شاردھا کپور ( استری)

سال 2018کی بہترین فلم

اکتوبر

سونو کے ٹی ٹو کی سوئٹی

سنجو

راضی

بدھائی ہو

استری

2018کی سب سے منافع کمانے والی ٹاپ 5 فلمیں

فلم         بجٹ         بزنس

استری 20کروڑ     130 کروڑ

بدھائی ہو 22کروڑ  126کروڑ

سونو کی ٹی ٹو کی سوئیٹی 24کروڑ   109کروڑ

سنجو       80کروڑ      341کروڑ

راضی      30کروڑ      124 کروڑ

2018کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی ٹاپ 5فلمیں

فلم           بزنس

سنجو       341کروڑ

پدماوت      300کروڑ

ایونجرز ( ہندی ڈب اور انگلش)    205کروڑ

روبوٹ2.0( ہندی ڈب)    200کروڑ

ریس تھری       169کروڑ

تازہ ترین
تازہ ترین