نئے چراغ جلیں گے تو روشنی ہوگی۔ آج نئے سال کا آغاز ہوچکا ہے۔ 2019ء، کچھ نئے خوابوں، امیدوں، خواہشوں، آرزوئوں اور نئی کام یابیوں کی تکمیل کا سال ثابت ہو۔ فلم انڈسٹری سے وابستہ ہنر مندوں، تخلیق کاروں، پروڈیوسروں، ڈائریکٹرز اور فن کاروں نے نئے سال میں پوری توانائی اور ذہانت کے ساتھ کام کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ فلم سازوں نے درجنوں فلموں کی ریلیز کرنے کی تیاریاں کر رکھی ہیں۔ رواں برس ریلیز کی جانے والی فلموں کی شوٹنگز برق رفتاری سے جاری و ساری ہے۔ کچھ فلم سازوں نے کیمرہ مکمل کرکے اب پوسٹ پروڈکشن اور مارکیٹنگ کے کاموں میں مصروف ہوگئے اور کچھ فلموں کی شوٹنگز شروع ہونے والی ہیں۔ 2019ء میں رومانس، ایکشن، ڈراما، تجسس اور مزاح سے بھرپور فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔ پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ ہدایت کاروں اور فن کاروں نے عیدین فیسٹیولز کے لئے زبردست فلموں کی ریلیز کی منصوبہ بندی کی۔ عیدین کے علاوہ بھی بین الاقوامی معیارکی فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔ فلم انڈسٹری کے نئے جنم میں ایک خوش آئند بات یہ بھی سامنے آئی ہے کہ ہر نئے برس میں انڈسٹری کو نیا ٹیلنٹ مل رہا ہے۔ گزشتہ برس نئی نسل کی ابھرتی ہوئی مایہ ناز اداکارہ مایا علی کے روپ میں فلم انڈسٹری کو باصلاحیت اور خوب صورت ہیروئن مل گئی ہے۔ ان کی پہلی فلم ’’طیفا ان ٹربل‘‘ نے باکس آفس پر طوفان برپا کیا، دوسری جانب سپر اسٹار علی ظفر کی شکل میں فلم انڈسٹری کو نیا ہیرو مل گیا۔ علی ظفر اور مایا علی فلمی جوڑی نے ثابت کیا کہ نئے چراغ جلیں گے تو روشنی ہوگی۔ گزشتہ برس میں تو مایا علی کی تو بھاگ جاگ گئے۔ 2019ء میں ان کے لئے فلم انڈسٹری کے دروازے کھل گئے۔ انہیں بڑے بجٹ کی فلم مل گئی، ابھی توسفر شروع ہوا ہے۔ آگے آگے دیکھئے کیا ہوتا ہے۔ 2019ء میں درجنوں فلموں کو سینما گھروں کی زینت بنانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ ہدایت کار عاصم رضا کی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ ہدایت کار سہیل جاوید کی فلم ’’سوری‘‘ بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ اور جبران بشیر کی ’’چھا جارے‘‘ میکال ذوالفقار کی ’’شیر دل‘‘ وجاہت رئوف کی ’’کراچی سے لاہور تھری‘‘ بلال اشرف اور ماہرہ خان کی ’’سپر اسٹار‘‘ ہدایت کار یاسر نواز اور پروڈیوسر حسن ضیاء کی ’’رانگ نمبر2‘‘ ثاقب ملک کی فلم ’’باجی‘‘ شان کی ’’ضرار‘‘ شہریار منور اور سارہ شہروز کی ’’پروجیکٹ غازی‘‘ علی ظفر کی ’’طیفا ان ٹربل پارٹ ٹو‘‘ اور ہمایوں سعید کی ’’لوفر‘‘ وغیرہ کی ریلیز متوقع ہے۔ ان میں کچھ فلمیں بڑے بجٹ کی ہیں اور کچھ اپنے مختلف موضوع اور کہانی کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ ان تمام فلموں کا مداحوں کو بے چینی سے انتظارہے۔ دلوں پر راج کرنے والی حسینائوں میں مایا علی، آمنہ شیخ، سونیا حسین، آمنہ الیاس، نیلم منیر، جمائمہ ملک اور ماہرہ خان بطور ہیروئن مذکورہ فلموں میں جلوے بکھیریں گی۔ کس اداکارہ کی فلم سپرہٹ ثابت ہوگی، اس کے لئے تھوڑا سا انتظار کرنا پڑے گا۔
نئے سال میں ریلیز ہونے والی عمران اسلم کی لکھی ہوئی، اپنے نام کی طرح دل چسپ اور منفرد فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ کا سب سے پہلے ذکر کریں گے۔ عمران اسلم نے معین اختر کا سپر ہٹ ڈراما ’’روزی‘‘ لکھ کر شوبزنس کی دنیا میں اپنی ایک پہچان رکھتے ہیں۔ وہ ہمیشہ کچھ نیا لکھتے ہیں۔ ’’پرے ہٹ لو‘‘ کو ڈائریکشن دے رہے ہیں عاصم رضا، جو اس سے قبل ’’ہومن جہاں‘‘ جیسی مقبول فلم بنا چکے ہیں۔ دسمبر کی سرد شاموں میں فلم کی تعارفی تقریب کا شان دار اہتمام کیا گیا۔ انتہائی خوب صورت عمارت میں سجی اس محفل میں صف اول کے فلمی ستاروں اور ہنر مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایسے لگ رہا تھا، جیسے فن کاروں کا میلہ لگا ہوا ہے۔ شام کا آغاز فلمی ستاروں کی جوڑیوں کی شکل میں ہوا، جو دل کش او دیدہ زیب ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے۔ فن کاروں کی جوڑیوں نے عمارت کی گیلری اور کھڑکیوں سے جلوے بکھیرے۔ فلم کی کاسٹ میں شہریار منور اور مایا علی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، جب کہ احمد علی بٹ، زارا انور عباس، ریچل ویکاجی، جمی خان، فہیم عباس، شہباز شگری اور دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نامور اداکارہ ماہرہ خان نے بتایا کہ شہریار منور بہت اعلٰی پروڈیوسر ہیں۔ میں نے ان کی پروڈکشن میں کام کیا ہوا ہے۔ شہریار منور کے ساتھ دو فلموں میں بطور ہیروئن کام کرچکی ہوں۔ ان کے ساتھ فلم ’’ہومن جہاں‘‘ اور ’’سات دن محبت ان‘‘ میں کام کیا۔ ان کی نئی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں کام نہیں کرسکی۔ البتہ میری فلم کی کام یابی کے لئے نیک خواہشات ہیں۔ فلم کی ہیروئن مایا علی نے بتایا کہ اس فلم میں میرا کردار ’’طیفا ان ٹربل‘‘ سے بالکل مختلف ہے۔ اسے نبھانے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا عاصم رضا کی ڈائریکشن میں کام کرنے میں بہت اچھا لگا۔ فلم کے ہیرو اور پروڈیوسر شہریار منور کا کہنا تھا کہ ہم سب نے اپنے اپنے کرداروں میں بہت محنت کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ فلم بینوں کو فلم ضرور پسند آئے گی۔ ڈائریکٹر عاصم رضا کا کہنا تھا کہ فلم بظاہر بہت آسان معلوم ہوتی ہے، لیکن اسے مکمل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ یہ عمل خواب کی حقیقت میں بدلنے کے مترادف ہوتا ہے۔ جوہم سوچتے ہیں، اسے حقیقی روپ دینا، ویسے تو مشکل ہے، لیکن اگرٹیم اچھی ہو اداکار بہترین پرفارمنس دیں تو یہ مشکل کام بھی آسان ہوجاتا ہے۔ ’’پرے ہٹ لو‘‘ کی شوٹنگ اوقات بہت طویل تھے، لیکن اتنے ہی دل چسپ اور پرلطف تھے۔ فلم، پوری کاسٹ اور ٹیم کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ تاہم سب کی محنت اور سیکھنے کی خواہش نے اس فلم کو یادگار تجربہ بنا دیا۔ بہت ہی عرصے میں ہم سب فیملی کی طرح ہوگئے۔ امید کرتا ہوں کہ ہم سب کی انتھک کاوش رنگ لائے گی اور محبت، ہنسی مذاق سے کہانی کو فلم بین پسند کریں گے۔ فلم کے مصنف نے فلم کے منفرد نام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت ایسا جذبہ ہے جوہمیشہ ہمارے اندر موجود ہوتا ہے۔ ہم اسے دبا کر رکھنے میں کام یاب نہیں ہوتے۔ اپنے خواب کو حقیقت بنتا دیکھنے کے لئے فلم کی ریلیز کا انتظار ہے۔
جیو کی سپرہٹ مزاحیہ سیریز’’ نادانیاں‘‘ سے یاسر نوازکو بطور ڈائریکٹر بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی ۔ اس سے قبل بھی انہوں نے کئی یادگار ڈراما سیریلز ڈائریکٹ کیں۔ بعد ازاں وہ فلموں کی ڈائریکٹس کی جانب آگئے۔ سپرہٹ مووی رانگ نمبر اور مہرالنسا وی لب یو ان کی ڈائریکٹ کی ہوئی کام یاب فلمیں ہیں۔اب وہ رانگ نمبر2بنارہے ہیں۔ رانگ نمبر ون میں دانش تیمور اور سوہائے ابڑو نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ سینئر اداکار جاوید شیخ کو ’’ حاجی ابا‘‘ کے کردار سے بے پناہ شہرت حاصل ہوئی تھی ۔ 2019میں یاسر نواز نے رانگ نمبر2ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فلم میں دانش تیمور کی جگہ سمیع خان اور سوہائے ابڑو کی جگہ نیلم منیرمرکزی کرداروں میں کاسٹ کیے گئے ہیں۔دیگر فن کاروں میں محمود اسلم، نیر اعجاز ، جاوید شیخ وغیرہ شامل ہیں۔ نئی اداکارہ سائرہ غفار بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔ رومانس اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’’ رانگ نمبر2‘‘ عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔ دانش نواز ایک دل چسپ اور انوکھے کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کی شوٹنگ کراچی اور حیدرآباد سندھ کے اہم مقامات پر کی گئی ہے۔ فلم کی ہیروئن نیلم منیر کی یہ دوسری فلم ہے۔ اس سے قبل وہ احسن خان کے ساتھ فلم ’’ چھپن چھپائی‘‘ میں سلور اسکرین پر جلوہ بکھیر چکی ہیں۔ سمیع خان اور نیلم منیر کی جوڑی سلور اسکرین پر کیسی لگتی ہے۔ اس کے لیے عید الفطر تک انتظار کرنا پڑے گا ۔ امید ہے یاسر نواز ایک اچھی اور عمدہ فلم پیش کریں گے۔فلم انڈسٹری کے نئے جنم میں ٹی وی کمرشل بنانے والے ڈائریکٹرز نے عمدہ فلمیں ڈائریکٹ کیں۔ احسن رحیم، ثاقب ملک، عاصم رضا، اور سہیل جاوید نے ٹی وی کمرشلز کے بعد فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ ہدایت کار ثاقب ملک نے فلم ’’ باجی‘‘ ڈائریکٹ کی ہے۔ سوشل ، ڈراما اور مزاح سے بھرپور فلم ’’ باجی‘‘ میں آمنہ الیاس،عثمانی خالد بٹ، میرا ، علی کاظمی، محسن عباسی حیدر، نیشو،نیر اعجاز ودیگرنے مختلف کردار نبھائے ہیں۔فلم میں اداکارہ میرا کا کم بیک‘‘ ہوگا ۔ اس فلم میں عام زندگی میں نظر آنے والی میرا کے روپ میں نظر آئیں گی۔ آمنہ الیاس اور عثمان خالد بٹ کی جوڑی سلور اسکرین پر خوب صورت انداز میں نظر آئے گی۔ آمنہ الیاس کو چند برس بعد مرکزی کردار ملا ہے۔ آمنہ الیاس نے ایک ملاقات میں بتایا کہ میں نے اپنی پہلی فلم میں نصیر الدین شاہ کے ساتھ لیڈنگ رول کیا تھا ، اس کے بعد دوتین فلموں میں مختلف رول ہے ۔ گذشتہ برس ’’ سات دن محبت ان‘‘ میں ماہرہ خان اور شہر یار منور کے ساتھ لیڈنگ رول کیا اور اب ثاقب ملک نے مجھے فلم ’’باجی‘‘ میں بطور ہیروئن کاسٹ کیا۔فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہیں۔یہ فلم2019میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے ہیرو خالد عثمان بٹ اس سے قبل فلم ’’ بالو ماہی‘‘ میں کام کرچکے ہیں ثاقب ملک نے شوبزنس انڈسٹری میں کئی کام یاب فن کار متعارف کروائے۔ امید کی جارہی ہے کہ ان کی ڈائریکٹس میں بننے والی فلم ’’ باجی‘‘ ، باکس آفس پر کام یاب ہوگی ثاقب ملک کی طرح سہیل جاویدبھی ٹیلی ویژن نے کمرشلز اور گلوکاروں کے گانوں کی سپرہٹ وڈیوز بنانے کے حوالے سے مقبول ہیں۔ انہوں نے 2019 میں بطور فلم ڈائریکٹر انہی صلاحیتوں کا جادو دکھانے کا فیصلہ کیا ۔ اس سلسلے میں انہیں نامور اداکار فیصل قریشی کا ساتھ میسر ہے۔ فیصل قریشی اور سہیل جاوید نے مل کر ایک شاہکار فلم ’’ سوری‘‘ بنانے کا اعلان کیا ۔ فلم کی کاسٹ میں فیصل قریشی بطور ہیرو ، جب کہ آمنہ شیخ،سونیا حسین، زاہد احمد ودیگر شامل ہیں۔فلم کی کہانی میں موسیقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ فلم کی مصنفہ اسما نبیل ہیں، جو جیو کے سپرہٹ ڈراما سیریل ’’ خانی‘‘ لکھ چکی ہیں۔ فلم کی تعارفی تقریب گذشتہ دنوں کراچی میں منعقد کی گئی جس میں فلم کی کاسٹ سمیت فلموں کے سپر اسٹار ہمایوں سعید، فہد مصطفی، ندیم ، محب مرزا، بلال مقصود، ثمینہ پیرزادہ، ندیم بیگم،نبیل قریشی، عبداللہ کادوانی، جاوید شیخ، ؟؟ آمنہ فیصل قریشی کی والدہ، اداکارہ افشاں قریشی ودیگر نے شرکت کی ، گذشتہ چند برسوں میں فلمی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ستاروں سے جگمگاتی ان تقاریب نے فلم انڈسٹری کے ؟؟ میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ فلم کسی بھی فلم ساز وہدایت کار کی ہو، ان کے پرئمیپرز یا تعارفی تقاریب میں تمام شوبزنس کی اہم شخصیات گلے شکوے دور رکھ کر بھرپور تعداد میں شرکت کرتی رہیں فلم ’’ سوری‘‘ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے بتایا کہ مجھے فلم کا آئیڈیا اچھا لگا۔ یہ ایک رومانٹک فلم ہے ، جسے پاکستان کی دل کش لوکیشن کے علاوہ بیرون ملک بھی شوٹ کیا گیا2019کی متوقع فلموں میں حب الوطنی سے سرشار فلم ’’ شیر دل ‘‘ بھی شامل ہے۔ اس کے مرکزی کردار میکال ذالفقار اور ازمینہ خان نے نبھائے ہیں۔ میکال ذالفقار کی گذشتہ برس فلم ’’ نہ بینڈ نہ باراتی‘‘ریلیز ہوچکی ہے۔ اسی طرح منجھے ہوئے اداکار شان کی رکی ہوئی فلم ’’ قرار‘‘ بھی رواں برس ریلیز کی جائے گی ۔ فلم کی کاسٹ میں کرن ملک اور عدنان بٹ بھی شامل ہیں۔ مرکزی کردار شان نے ادا کیا ہے۔ ایک اور رکی ہوئی فلم ’’ پروجیکٹ غازی‘‘ بھی رواں ریلیز کی جائے گی ۔ فلم کی کاسٹ میں شہریار منور، سائرہ شہروز، طلعت حسین اور ہمایوں سعید شامل ہیں۔ فلم کا پرئمپر ایک برس قبل ہوا تھا ، تاہم فلم میں ایڈیٹنگ کی خرابی کی وجہ سے ریلیز نہیں کی گئی ۔ اب2019میں اسے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پروڈیوسر موومنہ؟؟ کی نئی فلم ’’ سپر اسٹار‘‘ بھی رواں برس سینما گھروں کی زینت بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ’’فلم کی کاسٹ میں بلال اشرف اور ماہرہ خان شامل ہیں بلال اشرف اس سے قبل جاناں،یلغار، رنگزہ نامی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ پہلی مرتبہ ماہرہ خان کے مدمقابل کاسٹ کیے گئے ہیں۔ 2019میں سلور اسکرین پر پیش کی جانے والی فلمیں باکس آفس پر شان دار بزنس کرے گی ۔ کچھ فن کار اور ڈائریکٹر سامنے آئیں گے۔