• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے ضلع وسطی میں تعینات لیڈیز پولیس ملازمین کو پہلی بار ڈیوٹی پر آنے اور جانے کیلئے پک اینڈ ڈراپ کی سرکاری سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے وومن تھانہ ویسٹ زون لیاقت آباد پہنچ کر لیڈیز پولیس ملازمان کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت کا اعلان کیا۔

وومن ویسٹ زون پولیس اسٹیشن اور دیگر تھانوں میں تعینات لیڈیز اسٹاف مخصوص پوائنٹس سے سرکاری گاڑی میں سوار ہوسکے گا۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد لیڈیز اسٹاف کو سرکاری گاڑی میں مخصوص پوائنٹس پر ڈراپ کیا جائے گا۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی ہدایت پر لیڈیز پولیس اسٹاف کو مزید سہولتیں بھی فراہم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر لیڈیز پولیس اہلکاروں نے سرکاری طور پر پک ڈراپ کی سہولت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کا شکریہ ادا کیا۔

ایس ایچ او وومن ویسٹ زون عظمیٰ خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اکثر بیشتر سی این جی کی بندش یا دیگر مسائل کی وجہ سے لیڈیز اسٹاف کو ڈیوٹی پر آنے میں مشکلات تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پک اینڈ ڈراپ کی سہولت ملنے سے لیڈیز پولیس کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے وومن پولیس اسٹیشن ویسٹ زون کا دورہ بھی کیا، لیڈیز اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے تھانے کے انسپکشن رپورٹ بک میں اپنے تاثرات لکھے، لیڈیز پولیس کی کارکردگی کی تعریف اور وومن تھانے میں صفائی ستھرائی پر خوشی کا اظہار کیا۔

تازہ ترین