• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شجرکاری مہم کوہرصورت میں کامیاب بناناچاہتے ہیں،عون چوہدری

لاہور(اکنامک رپورٹر)وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پورے ملک میں پلانٹ فار پاکستان شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان بھر میں 10ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور تحریک انصاف کی کوشش ہوگی کہ آئندہ آنیوالی نسلوں کو آلودگی سے بچانے کے لئے شجرکارہی مہم کو ہر صورت کامیاب بنائیں جیساکہ خیبر پختونخواہ میں ایک ارب سے زائد پودے لگاکر کامیاب بنایا تھا۔ان خیالات کا اظہار مشیرخاص وزیر اعلیٰ پنجاب عون چوہدری نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت لبرٹی چوک لاہور میں پر پودا لگا تے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم پی اے چوہدری امین، سیکرٹری جنرل صفدر بٹ اور تحریک انصاف کے نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔عون چوہدری نے تحریک انصاف کے نمائندگان کے کلین اینڈ گرین پنجاب کے تحت سڑک پر جھاڑو لگایا اور ملکی سا لمیت کے لئے خصوصی دعاء بھی کرائی۔بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اور اسکے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے کلین اینڈ گرین مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے اور اب تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔عون چوہدری نے کہاکہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اورتحریک انصاف کی حکومت شجرکاری مہم کو ایک تحریک سمجھ کر آگے بڑھا رہی ہے۔
تازہ ترین