پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ شاداب خان قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کے لیے برا انتخاب نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں آل راؤنڈر ایک مناسب آپشن ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ شاداب اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے درمیان طویل ورکنگ ریلیشن شپ کپتانی کے فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے، بشرطیکہ یہی کوچنگ سیٹ اپ برقرار رہے۔
انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ میں دونوں کے ساتھ گزارے گئے وقت کو ایک اہم عنصر قرار دیا اور کہا کہ شاداب خان اور مائیک ہیسن کافی عرصے سے اسلام آباد یونائیٹڈ میں ایک ساتھ ہیں۔ اگر یہی کوچ برقرار رہتے ہیں تو شاداب خان کپتان بن سکتے ہیں۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان کے پاس کپتانی کے لیے زیادہ مضبوط متبادل موجود نہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ شاداب خان کپتانی کے لیے برا انتخاب ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت آپ کے پاس کوئی اور واضح کپتان دستیاب نہیں۔
شاہد آفریدی نے شاداب کو ٹیم کا اہم رکن قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ قیادت کے ساتھ مستقل کارکردگی لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان پاکستان ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ آپ انہیں کپتان بنا سکتے ہیں، لیکن انہیں ایسی کارکردگی دکھانا ہوگی کہ کسی کو سوال اٹھانے کا موقع نہ ملے۔