• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاکا اور لوئس فیگو پاکستان میں پریس کانفرنس کریں گے

عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز کاکا اور لوئس فیگو جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے اوراپنےدس گھنٹے کے قیام کے دوران وہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

جبکہ  لاہور کے مقامی مال میں شائقین فٹ بالرز سے ملاقات کرنے کے بعد رات دس بجے کی فلائٹ سے دبئی روانہ ہوجائیں گے۔ اس طرح وہ صرف دس گھنٹے ہی پاکستان میں گزار سکیں گے۔

ٹچ اسکائی گروپ کے زیراہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے۔جہاں برازیل سے تعلق رکھنے والے کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو آئندہ اپریل میں ہونے والے دو میچز کی تفصیل اور پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے حوالے سے اظہار خیال  کریں گے۔

ٹی ایس گروپ کی ترجمان سحر اقبال نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز کو پاکستان لانے کا مقصد پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کو آگے بڑھانا ہے، دونوں کھلاڑی مختصر وقت کیلئے یہاں پہنچیں گے اور فٹ بال کی ترقی کیلئے اپنا لائحہ عمل بیان کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ گروپ سی ای او احمر کنور چاہتے ہیں کہ دنیا کے سب سے بڑے کھیل فٹ بال میں پاکستانی نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں۔ مستقبل میں بھی ان کی پلاننگ ہے کہ زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو پاکستان بلایا جائے۔

واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز جمعرات کی دوپہر خصوصی طیارے سے کراچی پہنچیں گے اور یہاں پریس کانفرنس  کرکے شام کو لاہور جائیں گے جہاں مقامی مال میں شائقین فٹ بال سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد رات دس بجے دبئی روانہ ہوجائیں گے۔

تازہ ترین