مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے ان کی والدہ، مریم نواز اور جنید صفدر سمیت دیگر اہل خانہ پہنچ گئے۔
نوازشریف سے ملاقات کیلئے ان کی صاحبزادی مریم نواز کے علاوہ نوازشریف کی والدہ، حمزہ شہباز، مسلم لیگ ن کے دیگر رہنمااور کارکن بھی جیل پہنچے ہیں ۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، جبکہ کارکنوں نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
اس سے قبل ملاقات کے لیے جیل کے باہر لیگی رہنما مشاہد اللہ خان، خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ، ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، عثمان ابراہیم، ماجد ظہور اور دیگر موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتیوں کی فہرست میں شامل افراد ہی جیل میں نواز شریف سے ملاقات کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو انہیں سنائی تھی۔