• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قدیم مصر میں لوگ کھمبیوں (مشروم) کے اُگنے کو کسی جادوئی عمل کا نتیجہ قرار دیتے تھے کیونکہ یہ راتوں رات اُگ آتی ہیں۔

رفتہ رفتہ جب اس کے بارے میں آگاہی بڑھی تو پتا چلا کہ یہ کسی جادوئی عمل کے نتیجے میں نہیں اُگتی، بلکہ اس کی کاشت اور پیداوار کا اپنا ایک مخصوص طریقِ کار ہے۔ تاہم وقت نے یہ بھی ثابت کیا کہ اگرچہ یہ جادو سے نہیں اُگتی لیکن غذائیت کے حصول کے لیے ایک جادوئی اثر ضرور رکھتی ہے۔

مشروم کی غذائی خصوصیات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مشروم کو اپنی غذا میں شامل کرنے کے جہاں دیگر فائدے ہیں، وہاں اس کے جِلدی فوائد بھی بے شمار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کاسمیٹکس بنانے والی کئی کمپنیاں اپنی مصنوعات میں مشروم کو شامل کررہی ہیں۔

مشروم اور انسانی جِلد

موسمی اثرات اور آلودگی، جِلد پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں، یہ اثرات جِلد کے ڈھلک جانے اور بڑھاپے کے اثرات کو واضح کرنے کا اہم سبب بنتے ہیں اور چہرہ بو جھل اور جھریوں زدہ نظر آنے لگتا ہے۔ مشروم کا باقاعدہ استعمال، چہرے کو ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔ مشروم کو بطورغذا استعمال کیا جاتا ہے اور علاج کے لئے بھی اس کا استعمال عام ہے، یہ جسم میں قوت مدافعت بڑھانے میں مدد دیتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کی زبردست مقدار جِلد کو موسمی اثرات اور آلودگی سے محفوظ رکھتی ہے۔ مشروم قدرتی طور پر سوزش اور جراثیم کش دوا کے طور پر کام کرتا ہے اور بوجھل اور تھکن زدہ جِلد کو فریش کر دیتا ہے۔ یہ خون کی روانی کو بھی بہتر بناتا ہے، جس کے نتیجے میں چہرے پر چمک پیدا ہوتی ہے۔ لہٰذا، چہرے کی قدرتی چمک دمک بحال کرنے کے لیے مشروم کا استعمال بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

کیا مشروم جِلد کیلئے ’سپرفوڈ‘ ہے؟

آپ نے مشروم کے بارے میں اکثر سُنا ہوگا کہ کئی لوگ اِسے ’میجک مشروم‘ یا ’جادوئی مشروم‘ کہتے ہیں اور جب ’اِسکن کیئر‘ کی بات کی جائے تو یہ اپنے نام کی خصوصیات پر پورا اُترتا ہے۔ مشروم میں سیلینیم، اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنD بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جبکہ یہ جِلدی سوزش کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور جِلد پر ایکنی اور ایگزیما پیدا ہونے نہیں دیتا۔ یہ ساری خصوصیات اسے بہترین اینٹی ایجنگ پراڈکٹ بھی بناتی ہیں، جسے غذا میں شامل کرنے سے چہرے پر جھُریاں اور لکیریں نہیں بنتیں۔ پھپھوندی ہونے کے باعث، مشروم کا ڈی این اےکسی بھی دیگر پودے کے مقابلے میں انسانوں کے ساتھ سب سے زیادہ میل کھاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ خلیوں کو دوبارہ بھرنے اور خلیوں کو دوبارہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

مشروم کی کچھ اقسام جیسے Reishiاور Cordycepsکو چین کی طبی دنیا میں گزشتہ سات صدیوں سے استعمال کیا جارہا ہے اور انھیں جِلدی حفاظت اور جِلدی بیماریوں کے علاج کے لیے بہترین دوا قرار دیا جاتا ہے۔ قدیم چینی لوگ، مشروم کی ان دو اقسام کو Mushroom of Immortality (ابدیت بخشنے والا مشروم) قرار دیتے تھے۔مشروم میں انسانی جسم کے اندر قوت مدافعت کو مضبوط کرنے، جسم اور جِلد میں Cortisolکی سطح (کورٹیسول ایک اسٹیرائیڈ ہارمون کا نام ہے، جو انسانی جسم میں میٹابولزم اور مدافعتی نظام کو چُست رکھتا ہے)کو توازن میں رکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ مشروم میں اینٹی آکسیڈنٹس بڑی مقدار میں ہونے کے باعث، یہ انسان کو جِلدی کینسر سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ Cordyceps مشروم میں انسانی جِلد کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ ایک اور خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ ذہنی دباؤ کے خلاف بھی مدافعت کاکام کرتا ہے۔ یہ آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کو ٹھیک کرتا ہے اور کھُلے مساموں کو پھر سے بحال کرنے کا کام بھی انجام دیتا ہے۔

ایک اور مشروم، جس کا نام Tremalla ہےاور اسے Snow Fungus بھی کہا جاتا ہے، یہ انسانی جسم کو پانی فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ پانی انسانی جِلد کے لیے ناگزیر ہوتا ہے، اس مشروم میں پانی کو انسانی جسم میں محفوظ رکھنے کی بہترین صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں۔ ایک اور بہت مشہور جاپانی مشروم Shiitake کے نام سے بھی ہے۔ اس مشروم کو غذا کے طور پر استعمال کرنے کے علاوہ، جِلد پر لگایا بھی جاتا ہے۔ یہ جِلد کے سیاہ دھبوں کو دور کرتا اور چہرے کی رنگت کو سنوارتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس مشروم میں کوجِک ایسڈ (Kojic Acid) بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔ Shiitake مشروم میں پروٹین، لِپڈاور امینو ایسڈز بھی موجود ہوتے ہیں، جن کی انسانی جِلد کو ہر وقت ضرورت ہوتی ہے۔

Kombuchaایک اور مشروم ورائٹی ہے، جس کا استعمال چائے کی پتی میں بھی کیا جاتا ہے، ماہرین اب اس مشروم کو بھی جِلدی حفاظت کے پراڈکٹس میں استعمال کررہے ہیں۔ یہ ایک قدرتی پروبیاٹک(Probiotic) ہے۔ پروبیاٹک، ایک زندہ اور اچھا بیکٹیریا (Good Bacteria) ہے، جو جِلد کی حفاظت کے علاوہ نظام ہضم کو درست رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جِلد کی حفاظت اور خوبصورتی کے لیے مشروم کی ایک اور قسم جسے Chagaمشروم کہاجاتا ہے، ایک بہترین موئسچرائزر ہے اور یہ آپ کی جِلد کو ماحولیاتی اور دیگر بیرونی اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔

تازہ ترین