• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ کی ناکامی تباہ کن اور ناقابل فراموش اعتماد شکنی ہوگی،تھریسامے

لندن (پی اے) وزیر اعظم تھریسا مے نے کہا ہے کہ بریگزٹ کی ناکامی تباہ کن اور ناقابل فراموش اعتماد شکنی ہوگی۔ سنڈے ایکسپریس میں اپنے مضمون میں انھوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ وہ منگل کو دارالعوام میں ووٹنگ کے دوران بریگزٹ ڈیل کی حمایت کریں۔ بصورت دیگر برطانیہ کو کسی ڈیل کے بغیر یورپی یونین سے نکلنا پڑے گا اور بریگزٹ نہیں ہوسکے گا۔ دریں اثنا نمبر 10ڈائوننگ سٹریٹ منگل کو بریگزٹ ڈیل نامنظور ہونے کی صورت میں ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے بریگزٹ کا کنٹرول سنبھالنے کی قیاس آرائیوں پریشان ہے۔ سنڈے ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کا ایک گروپ دارالعوام کے قواعد تبدیل کرنا چاہتا ہے، جس کے تحت اگر تھریسا مے کی ڈیل کو ناکامی ہو تو حکومتی کارروائیوں پر بیک بینچ کی تحریکوں کو ترجیح دی جائے گی، اس سے وزرا کے بجائے پارلیمانی کارروائی ارکان پارلیمنٹ کے ہاتھ میں چلی جائے گی اور وزیراعظم کو کنارے لگا دیا جائے گا۔ ایک امکان یہ بھی ہے کہ ڈیل ناکام ہونے کی صورت میں ارکان پارلیمنٹ قانونی طورپر حکومت کو بریگزٹ پر عملدرآمد میں تاخیر کرنے پر مجبور کریں گے، بعض ارکان پارلیمنٹ پہلے بھی اس طرح کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

تازہ ترین