بہاول پور کے علاقے چنی گوٹھ سے تاوان کے لیے اغوا کیے گئے 10 سالہ طالب علم کی لاش مل گئی، اغوا کار کوئی اور نہیں بچے کا چچا زاد بھائی نکلا،پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تھانہ چنی گوٹھ پولیس کے مطابق پانچوی جماعت کا طالب علم احسن عبداللہ تین روز قبل گھرسے کھیلنے کے لیے گیا اور واپس نہ آیا۔
بچے کے لاپتہ ہونے کے بعد کچھ گھنٹوں بعد ورثاء کو بچے کی رہائی کے عوض تاوان کی ادائیگی کے لیے فون کالز آنا شروع ہوئیں، جس پر پولیس کو صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔
ورثاء نے اغوا کاروں سے تاوان کی ادائیگی کے لیے بات چیت جاری رکھی اور پولیس نے اپنے طور پر اغوا کاروں تک پہنچنے کی کوشش کرتی رہی۔
گزشتہ رات پولیس نے شک کی بنیاد پر مغوی کے چچا زاد بھائی کو حراست میں لے کر پوچھ گوچھ کی تو ملزم نے مغوی بچے کو قتل کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے لاش برآمد کرا دی۔