• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچ جانے والا کھانا جمع کرکے مستحق افراد تک پہنچاتے ہیں،ممتاز غفار

لندن (سعید نیازی) دی ریئل جنک فوڈ پراجیکٹ لندن کے انچارج ممتاز غفار کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت کوڑے دان کی نذر ہونے والے کھانے کو مستحق افراد تک پہنچایا جارہا ہے۔ ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن میں سپر مارکیٹس سے ریٹیلرز اور ریسٹورنٹس بچ جانے والے کھانوں کو پہلے پھینک دیا کرتے تھے لیکن پانچ برس شروع کیے جانے والے دی ریئل جنک فوڈ پراجیکٹ کے بعد اب ہم بچ جانے والے کھانوں کو ویگن کے ذریعے جمع کرکے انہیں چرچ میں لاکر ہر بدھ کو مقامی افراد کو پیش کرتے ہیں، یہاں آنے والے افراد کی مرضی ہے کہ اگر وہ اس خوراک کی قیمت ادا کرنا چاہیں تو کریں بصورت دیگر مفت لے کر جاسکتے ہیں۔ یہاں پر ایک سو سے زائد خاندان ضرورت کی خوراک لینے کے لیے آتے ہیں اور تقریباً اپنے ہفتہ بھر کی اشیاجمع کرکے لے جاتے ہیں۔ اگر یہ سہولت نہ ہو تو موجودہ معاشی صورت حال میں ان افراد کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بارنٹ کے علاوہ پیرو اور کیمڈن میں یہ سہولت مہیا کی جاتی ہے۔ کیمڈن میں ہر منگل کو200افراد کوگرم کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مدد حاصل کرنے والے افراد جلد از جلد اپنے پائوں پر کھڑے ہوں، اس مقصد کے لیے بالغ افراد کو مختصر کورسز کرائے جاتے ہیں جس کے بعد چونکہ ہماری ہلٹن ہوٹل کے ساتھ مفاہمت ہے تو وہ ان افراد کو نوکری کی پیشکش بھی کرتے ہیں جب کہ پرائمری اسکول کے طلبہ کے لیے ہوم ورک کلب بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ جو والدین ٹیوشن فیس ادا نہیں کرسکتے ان کے بچے بھی اچھے نمبروں سے پاس ہوں۔ انگریزی اور ریاضی کے مضامین پڑھانے کے لیے ریٹائرڈ ٹیچرز مدد کرتے ہیں جب کہ بارنٹ کالج کے علاوہ مڈل سیکس یونیورسٹی سے بھی ہمارا رابطہ ہے اور ڈگری کرنے والے طلبہ بھی یہاں آکر بچوں کو پڑھاتے ہیں۔ ممتاز غفار نے کہا کہ مستقبل میں ہمارا ارادہ ہے کہ چرچ کے ساتھ جو جگہ ہمیں دی گئی ہے یہاں پر کمیونٹی کیفے بنایا جائے جہاں ناشتے کے علاوہ دن اور رات کا کھانا بھی دستیاب ہوگا۔ ایک فوڈ اکیڈمی بھی بنائی جائے گی جہاں سے لوگ تربیت حاصل کرکے روزگار حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد یہاں مدد کے حصول کے لیے آتے ہیں وہ اب رضاکار بن کر دوسروں کی مدد کررہے ہیں۔
تازہ ترین