• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، طالبان مذاکرات پاکستان میں، سعودیہ، قطر، امارات بھی شریک ہوں گے، افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں، سہولت کاری پر امریکا پاکستان کا شکر گزار

اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل، نیوز ایجنسیاں) افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور پاکستان میں ہو گاجس میں سعودی عرب ،قطر اورامارات بھی شریک ہونگے،امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل نے پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور سہولت کاری پر پاکستان کا شکر یہ ادا کیا، زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ طالبان کابل انتظامیہ کیساتھ بیٹھنے اور جنگ بندی کےلئے تیار نہیں،پاکستان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے کردار ادا کرے جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مفاہمتی عمل مشترکہ ذمہ داری ہے،پاکستان اپنی کاوشیں جاری رکھےگا،ادھر امریکی نمائندہ خصوصی نے وزیر اعظم سےبھی ملاقات کی جس میں افغانستان میں امن و مصالحتی عمل سمیت مذاکرات کے امور پر بات چیت کی گئی،اس موقع پر وزیر اعظم کی جانب سے امن مصالحتی عمل میں ہر ممکن مددوتعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا گیا ہےکہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ تفصیلات کےمطابق دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان معاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کے درمیان ملاقات کے دوران افغان مفاہمتی عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے درخواست کی کہ افغان طالبان کابل انتظامیہ کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار نہیں اور نہ ہی جنگ بندی کے لیے تیار ہیں اس لیے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے فیصلہ کیا کہ طالبان کو دعوت دی جائے کہ وہ اسلام آباد آئیں اور یہاں مذاکرات ہوں، امکان ہے کہ افغان طالبان کے ڈیڑھ درجن سے زائد رہنما اسلام آباد آئیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ امریکا کے مذاکرات میں قطر کے نمائندے کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے مفاہمتی عمل مشترکہ ذمہ داری ہے اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق پاکستان اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا، افغانستان میں قیام امن سے متعلق پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

تازہ ترین