• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم کی تشکیل نو،ہاکی حکام کا خود کو بچانے کیلئے پرانا کارڈ

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک بار پھر قومی ٹیم کی تشکیل نو کا کارڈ استعمال کرکے اعلی حکام اور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی تیاری شر وع کردی ہے۔ پرو ہاکی لیگ کے لئے اعلان کردہ ٹیم میں ایک درجن نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ پی ایچ ایف کے حکام ماضی میں بھی یہی فارمولا استعمال کرکے اپنے عہدے بچانے کی کوشش کرتے رہے ہیں ۔ ورلڈ کپ کھیلنے والے بارہ کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا مگر حیرت انگیز طور پر کوچنگ اسٹاف میں شامل دو کوچ ریحان بٹ اور دانش کلیم تاحال موجود ہیں ۔ عمر بھٹہ، محمد دلبر، ایم توثیق سمیت وہ پلیئرز بھی باہر کردیے گئے جنہیں فیڈریشن اور ٹیم انتظامیہ اگلے اولمپک گیمز تک ٹیم کا اہم کھلاڑی قرار دے رہے تھے۔ دریں اثنا ہیڈ کوچ سعید خان نے کہا ہے کہ لیگ میں ہمارے زیادہ تر میچز یورپ میں ہیں اور وہاں یورپی ٹیموں سے مقابلہ کرنا ہوگا اس لئے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو اہمیت دی گئی ہے، ہمارا مقصد انہیں تجربہ دلانا ہے۔ جنگ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے ہمیں ارجنٹائن جانے کا گرین سگنل دے دیا ہے ، امکان ہے کہ قومی ٹیم 27جنوری کو ارجنٹائن روانہ ہوجائے گی۔ کیمپ میں کھلاڑیوں پر سخت محنت کی ہے اور ورلڈکپ میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے پر خاصا کام کیا گیا ہے۔
تازہ ترین