• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 فروری کو حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے، پی ٹی آئی مڈلینڈز

برمنگھم (ابرار مغل) کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈز کا خصوصی اجلاس زیر صدارت صدر مڈ لینڈ زون چوہدری خادم حسین منعقد ہوا جس میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لندن میں ہونے والے مظاہرے میں مڈلینڈز کے مختلف شہروں سے بھرپور شرکت کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈز کے صدر چوہدری خادم حسین کے علاوہ آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما بشارت سلیم، بیرسٹر کرامت حسین، مڈلینڈز کے جنرل سیکرٹری امجد حسین، برمنگھم کے صدر چوہدری عبدالغفور کھاڑک، برمنگھم کے جنرل سیکرٹری رئوف مغل، مڈلینڈز کے سینئر نائب صدر چوہدری کرامت حسین، ولور ہمپٹن برانچ کے صدر سردار سرفراز قیوم، سینڈول برانچ کے صدر حاجی تضارب چوہدری، سٹوک آن ٹرینٹ برانچ کے صدر چوہدری عابد اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 5 فروری کو دنیا بھر کے کشمیری اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کے حصول کے لئے مصروف جدوجہد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کریں گے اور عالمی برادری کا ضمیر جھنجوڑنے کےلئے دنیا بھر میں بھرپور مظاہرے کریں گے۔ 5 فروری کو لندن میں برطانیہ بھر کے کشمیری اور پاکستانی بھرپور مظاہرہ کریں گے جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت شرکت کرے گی۔ اس مظاہرے میں شرکت کےلئے برطانیہ کے تمام بڑے شہروں سے خصوصی کوچیز کے ذریعے بڑی تعداد میں خواتین و حضرات شرکت کریں گے۔ اجلاس میں کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈز کے انفارمیشن سیکرٹری چوہدری قربان ایڈووکیٹ کے والد تحریک انصاف کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سینئر ممبر بشارت سلیم کے کزن اور صحافی رب نواز چغتائی کی خالہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

تازہ ترین