• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لنکاشائر، اسکول ٹرم کے دوران بچوں کو سیر کیلئے جانے پر 1000 پونڈ تک جرمانے کی وارننگ

لیڈز (ندیم راٹھور) کنزرویٹو کے کنٹرول میں کام کرنے والی لنکا شائر کائونٹی میں واقع کمیونٹی پرائمری اسکول نے زیر تعلیم بچوں کے والدین اور گارڈینز کو متنبہ کیا ہے کہ لنکا شائر کونسل سنجیدگی سے اس امر کا جائزہ لے رہی ہے کہ کیوں نہ اسکول ٹرم کے دوران بچوں کو چُھٹیوں پر لے جانے کی صورت میں انھیں 120 کی بجائے اب ہر ایک بچہ کا جرمانہ ہزار پونڈز تک کر دیا جائے ۔والدین کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ لنکا شائر کائونٹی کونسل ٹرم کے دوران اسکول کی اجازت کے بغیر بچوں کو چھٹیوں پر لے جانے والوں کے خلاف ایک نئے نظام کو متعارف کروانے جارہی ہے جس کے تحت انھیں ہر بچہ کا جرمانہ ہزار پونڈز تک دینا ہوگا ۔ اگرچہ ابھی تک اس منصوبہ نے قانونی شکل اختیار نہیں کی مگر مستقبل قریب میں ایسا کسی وقت بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ یہ جرمانہ حالیہ 120کی نسبت آٹھ گنا زیادہ ہے۔ سنڈے ٹائمز کے مطابق لنکا شائر کائونٹی پہلے ہی ملک بھر میں ایسی چھٹیوں پر والدین پر سب سے زیادہ جرمانے عائد کر چکی ہے ۔یوکے گورنمنٹ نے بھی اپنی ویب سائٹ پر خبردار کیا ہے کونسلز21 دنوں میں جرمانے کی عدم ادائیگی پر ساٹھ کی بجائے 120 شائر ہی پونڈز جرمانہ عائد کر سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ2017 میں اپنی سات سالہ بچی کو چھٹیوں پر لے جانے کے سبب عائد جرمانے کو چیلنج کرنے والا ایک شخص جان پلیٹ متعلقہ کونسل کے خلاف اپنا طویل کیس سپریم کورٹ میں ہار گیا تھا۔ اگرچہ ہائی کورٹ نے جان پلیٹ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے یہ کہا تھا کہ اس نے بطور والدین اپنا حق استعمال کرکے کچھ غیر قانونی عمل نہیں کیا کیونکہ اس کی بچی کی اسکول میں عمومی اوسط حاضری بہت اچھی ہے ۔مگر سپریم کورٹ نے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے والدین کو ہیڈ ٹیچر کی اجازت کے بغیر چھٹیوں پر لے جانے کی صورت میں عائد جرمانے کو جائز قرار دے دیا تھا۔
تازہ ترین