• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کی سینٹرل ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس

لندن (پ ر) گزشتہ سال کی کامیابیوں کا جشن منانے اور نئی لیڈر شپ کا خیرمقدم کرنے کے لئے ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کی سینٹرل ایگزیکٹو باڈی کا مانچسٹر میں پیر کو اجلاس ہوا۔ ایونٹ کو ڈاکٹر شادابا احمد نے کوآرڈینیٹ کیا جو لنکاسٹر میں کنسلٹنٹ ای این ٹی سرجن اور ڈائو میڈیکل یونیورسٹی گریجویٹ ہیں۔ اے پی پی ایس یوکے، کے صدر شکیل پوری نے آرگنائزیشن کے ڈھانچے کی وضاحت کی اور حالیہ الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا، جس کے مطابق چیئر کے لئے ہیئر فورڈ کی کنسلٹنٹ گائنا کولوجسٹ ڈاکٹر امبر طاہر، وائس چیئرمین کے لئے لیورپول کی کنسلٹنٹ پیڈیا ٹریشن ڈاکٹر شاہینہ انجم، جنرل سیکرٹری کے لئے شفیلڈ کے کنسلٹنٹ پیتھولوجسٹ اور سوشل سیکرٹری کے لئے مانچسٹر کی کنسلٹنٹ کیئر آف دی ایلڈر کی ڈاکٹر صائمہ نعمان کا انتخاب عمل میں آیا۔ ہائی شیرف آف گریٹر مانچسٹر، ڈاکٹر روبینہ شاہ اور پاکستان کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مسز فزا نیازی نے نئے عہدیداروں سے حلف لیا۔ اے پی پی ایس یو کی چیئر نے اپنی تقریر میں اگلے سال کے لئے اپنا وژن پیش کیا۔ وہ برطانیہ اور پاکستان میں محروم کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید خاتون ڈاکٹرز کی آگے آکر اے پی پی ایس یوکے، کے منصوبوں میں سرگرم کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ اے پی پی ایس یوکے، کے سابق چیئر ڈاکٹر غلام عباس گزشتہ12ماہ کی ایسوسی ایشن کی پیشرفت سے مطمئن تھے اور انہوں نے نئی چیئر اور ان کی ٹیم کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اجلاس میں برطانیہ کے مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندے شریک تھے جن میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، خیبر میڈیکل کالج، آغا خان یونیورٹی، علامہ اقبال میڈیکل کالج، نشتر میڈیکل کالج، فاطمہ جناح میڈیکل کالج، قائداعظم میڈیکل کالج اور آرمی میڈیکل کالج شامل ہیں۔ اے پی پی ایس یوکے، کے بانی اور سی ای او ڈاکٹر عبدالحفیظ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے14سال قبل اے پی پی ایس یوکے، کے قیام کے بعد سے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ہم تمام سطحوں پر پاکستانی ڈاکٹرز کی نمائندگی کرنے والی سب سے بڑی آرگنائزیشن ہیں۔ آگے جانے کا ہمارا عزم مضبوط ہے اور ہم اپنی آخری سانس تک انشاء اللہ ساتھی ڈاکٹروں اور مریضوں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر اے پی پی ایس یوکے کی پوری ٹیم نے ’’دل دل پاکستان‘‘ گایا اور صدر نے تمام ایگزیکٹو ممبرز کا شکریہ ادا کیا جن میں کچھ نے مانچسٹر پہنچنے کے لئے4گھنٹے تک سفر کیا، جس سے ان کے اس جذبے کا اظہار ہوتا ہے جو وہ اپنے دل میں پاکستان کے لئے رکھتے ہیں۔
تازہ ترین