کراچی( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمدنے یکم فروری سے ریلوے کا فریٹ ہیڈ کوارٹرز کراچی منتقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم 20 فریٹ ٹرینیں (مال گاڑیاں) چلائیں گے اور 30 مارچ کووی وی آئی پی مسافر ٹرین بھی چلائیں گے۔ آصف علی زرداری سسرال جائیں گے، میں خود بیمار ہوں اور آپ کو چور، ڈاکوؤں اور لٹیروں کی پڑی ہے،کراچی کی ترقی کے لیے جو کے سی آر کا راستہ روکے گا اسے روند کر چلے جائیں گے، کے سی آر کی کمیٹی کا اعلان کر رہا ہوں، جس کو ہیڈ میں اور سپروائز وزیراعظم کریں گے،یکم سے 28 فروری تک گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ریکارڈ توڑ دوں گا، اس دوران ٹرین میں ہی رہوں گا، وہیں سوؤں گا،رواں سال 20 نئی مال گاڑیاں چلائی جائیں گی، مسافر گاڑیاں چھوڑیں، اس میں کوئی کمال نہیں، اگرآج ٹرینیں دستیاب ہوں تو ہم سڑکوں کا سارا رش ٹریک پر لے آئیں گے، بوڑھی قوم ہے، ہم نوجوانوں کو ترغیب دیں تو آلودگی ختم کی جا سکتی ہے، ملک میں گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی ریلوے ہی ختم کرسکتی ہے۔وہ جمعہ کو یہاں کینٹ اسٹیشن پردوسری شیڈولڈفریٹ ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ بعد ازاں پاکستان ریلوے اور نجی شعبے کی مشترکہ دوسری فریٹ ٹرین 75کنٹینرز پر مشتمل کارگو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ریلوے میزائل بھی بناسکتاہے اتنی صلاحیت ہے، ریلوے چلے گی تومعیشت بھی چلے گی، رسالپورمیں دنیاکی بہترین صنعت ہے، سٹرک بنانا آسان ہے، ٹریک اور انجن بنانا مشکل ہے، ہماری فیکٹریاں انجن بنا سکتی ہیں، لیکن آج ایک ایک پرزہ باہر سے منگوانا پڑتا ہے، صدر مملکت سے درخواست کروں گامدثرنامی بچے کوتمغہ خدمت سے نوازیں۔