• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانیوں جیسا وسیع القلب نہیں دیکھا، بیلجیئن فوٹوگرافر

بیلجیئن فوٹوگرافر بینوا نیسین نے کہا ہے کہ بار بار پاکستان کے سفر کی ایک وجہ شمالی علاقہ جات کے خوبصورت لینڈ اسکیپ کی فوٹوگرافی کے علاوہ وہاں کے لوگ بھی ہیں۔ میں نے اس سے قبل کسی اور قوم کو اتنا وسیع القلب نہیں دیکھا۔ اب پاکستان میں میرے بہت سے دوست موجود ہیں۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلجیئم کے شہر مونس میں جاری اپنی ہُنزہ نامی تصویری نمائش کے آخری روز اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کیا۔

اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 2006 میں پاکستان کا سفر کرنے کے بعد مجھے ہمیشہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کاش میرے پاس یہاں رہنے کیلئے مزید وقت ہوتا۔ حالانکہ میں ایک ایک سال تک بھی پاکستان میں رہا ہوں ۔

مسٹر بینوا نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات قدرت کا ایسا تحفہ ہے جو قدرتی نظاروں کے متلاشی دنیا کے بیشمار سیاحوں کو مبہوت کردینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ کوئی ایسی بات جو آپ نے وہاں دیکھی ہو اور اسے آپ پاکستان کے عوام تک پہنچانا چاہتے ہوں ، انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان کے اندرونی سیاح بڑی تعداد میں شمالی علاقہ جات کا رخ کر رہے ہیں ،لیکن اس کے نتیجے میں جا بجا کچرا نظر آنے لگا ہے ۔ اس کیلئےبہت سنجیدگی سے سب کو ملکر سوچنے کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جیسے جیسے پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کا پیغام دنیا تک مزید موثر انداز میں پہنچے گا ، دنیابھر سے بڑی تعداد میں سیاح بھی پاکستان پہنچیں گے۔

مسٹر بینوا نے مزید کہا کہ میں تو پاکستان کو اب بہت بہتر طریقے سے جانتا ہوں لیکن سیاحت کے شعبے کی تر قی کے پیش نظر حکومت کو پی آئی اے کی پرواز کی منسوخی کے نتیجے میں سڑک کے ذریعے شمالی علاقہ جات تک رسائی کیلئے مزید سہولیات پر غور کرنا چاہئے۔ اس سے سیاحوں کا وقت کم ضائع ہوگا۔

تازہ ترین
تازہ ترین