• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی اے سی: شیخ رشید کی شمولیت مثبت نہیں، ساہیوال کیس بگاڑ دیا گیا، تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ شیخ رشید کی پی اے سی میں شمولیت مثبت نہیں، نواز شریف کی بیماری سنجیدہ ہے سیاستدان اتنے بیمار ہوتے ہیں پھر بھی عملی سیاست سے ریٹائرمنٹ نہیں لیتے، جے آئی ٹی بناکر ساہیوال کیس خراب کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، حفیظ اللہ نیازی، بابرستار، محمل سرفراز اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ’رپورٹ کارڈ‘میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کیا حکومت نواز شریف کو علاج کیلئے رہا کرے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ حکومت کی تنگ نظری دیکھیں تو توقع نہیں کہ میڈیکل بورڈ کی تجاویز کے بعد بھی نواز شریف کو رہا کیا جائے گا۔ ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ کیا ملک میں ایک نواز شریف کی رہائی کا ہی مسئلہ رہ گیا ہے کہ ہم روز یہ سوال رکھ لیتے ہیں، آئین میں ایسی کوئی شق نہیں کہ میڈیکل بورڈ کہے کہ سزایافتہ شخص کو رہا کرو اور حکومت رہا کردے، کیا ملک میں صرف نواز شریف ہی قیدی ہے کہ اس کے علاوہ کسی قیدی پر بات نہیں ہوتی، پچھلے سال اڈیالہ جیل میں بیس قیدی بیماریوں کی وجہ سے مرگئے لیکن ہم نواز شریف کی رہائی کیلئے تڑپ رہے ہیں۔بابر ستار نے کہا کہ میڈیکل بورڈنواز شریف کے علاج کیلئے تجویز دے سکتا ہے، اگر وہ علاج جیل کے اسپتا ل میں ہوسکتا ہے تو وہاں ہوگا، اشرافیہ کے لوگ جیل جاتے ہیں تو فوری طور پر اسپتال منتقلی ہوجاتی ہے۔
تازہ ترین