• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لتا منگیشکر کو ری میک ایک بار پھر پسند نہیں آیا

بالی ووڈ میں پرانے کا گانوں کا ری میک ورژن بہت عام ہوگیا ہے تاہم کئی لیجنڈ گلوکاروں کو اپنے گائے ہوئے گانوں کا ری میک پسند نہیں۔

انہی میں بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر بھی شامل ہیں جنہیں اپنی بہن اوشا منگیشکر کے مقبول گانے ’منگڑا‘ کا ری میک پسند نہیں آیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لتا منگیشکر کا کہنا تھا کہ ہمارے گانوں کا استعمال ہم سے پوچھے بغیر کیا جاتا ہے جبکہ گلوکارہ اوشا منگیشکر کا کہنا تھاکہ ’ہمارے گانے کافی محنت کے بعد تیار کیے جاتے تھے، اس طرح ان کا ریمکس کرنا صحیح نہیں ہے۔

1978 کے گانے کے میوزک ڈائریکٹر راجیش روشن نے بھی ریمک گانے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میوزک انڈسٹری میں اب ایسا کچھ نہیں جس سے متاثر ہوا جائے، فلم سازوں میں نئے گانے بنانے کا حوصلہ ہی نہیں۔

دوسری جانب فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے ہدایت کار اندرا کمار کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’ہمیں ان کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں، میری فلم عشق کا گانا نیند چرائی میری، 2017 کی فلم گول مال اگین میں ریمکس کرکے پیش کیا گیا، اس کے لیے کسی نے مجھ سے اجازت نہیں لی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی گانے کے حقوق اس کے میوزک لیبل کے پاس ہوتے ہیں اور میوزک لیبل کے مالکان کو ہی حق ہے کہ وہ اس گانے سے متعلق فیصلے کرسکیں۔

واضح رہے بالی ووڈ کی نئی آنے والی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے گانے ’منگڑا‘ میں سوناکشی سنہا نے پرفارم کیا، جبکہ اوریجنل گانا 1978 میں ریلیز ہوا تھا جو 1978 کی فلم ’انکار‘ کا گانا ہے۔

فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کی کاسٹ میں اجے دیوگن، انیل کپور، مادھوری ڈکشٹ، ایشا گپتا، ارشد وارثی، جاوید جعفری، سنجے مشرا، جیکی شروف، جونی لیور اور ریتیش دیش مکھ شامل ہیں۔

فلم رواں ماہ 22 فروری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تازہ ترین