• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بڑھتی عمر میں بھی کم عمر ہی لگے، جو کہ کسی طور غلط بھی نہیں، کیونکہ عمر محض ایک عدد ہے۔ اگر کچھ اہم ہے تو وہ یہ کہ زندگی کے کسی بھی حصے میں آپ خودکو کتنے اچھے سے مینٹین رکھ سکتی ہیں۔ شخصیت میں نکھار لانے کے لیے چہرے کی دیکھ بھال سب سے پہلا اور بنیادی امرہے اور صاف و شفاف خوبصورت چہرہ جِلد کی اندرونی حالت کا آئینہ ہوتا ہے مگر اندرونی بیماریاں چہرے کی ساری رونق تبا ہ کردیتی ہیں۔ جِلد بہتربنانے کے لیے صرف پانی کا کردار ہی اہم نہیں ہوتا بلکہ بہت سے پھل اور غذائیں بھی ایسی ہیں، جن کے روزانہ استعمال سے جِلد کی قدرتی چمک بحال ہوتی ہے ۔چہرے کی جِلد کو تروتازہ رکھنے والی غذاؤں سے متعلق ہم اپنے ایک مضمون میں قارئین کو پہلے بھی آگاہ کرچکے ہیں۔ آج موضوع گفتگو وہ اہم پھل ہیں، جو بڑھتی عمر میں بھی آپ کی جِلد کو تروتازہ اور جواں رکھنے میں مددگارہوتے ہیں ۔

کیوی

کیوی خوش رنگ اور خوش شکل ہی نہیں بلکہ غذائیت سے بھر پوراینٹی ایجنگ پھل بھی ہے جووٹامن سی،وٹامن کے،وٹامن ای،کاپر،فائبر،پوٹاشیم،مینگنیز، اور فولیٹ کی زائد مقدار پر مشتمل ہوتا ہے۔ کیوی میں موجود 85فیصد وٹامن سی روزمرہ وٹامن سی کی ٖضرورت کو بآسانی پوراکرسکتاہے۔اس میں موجود وٹامن سی اور ای کی مقدار جِلد کے مردہ خلیات سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ جِلد کو تروتازہ اور جواں رکھنے میں بھی معاون ہے۔

انار

انار بے شمار فوائد سے مالامال ہوتا ہے۔ انار کی اہم خاصیت اس میں موجود وٹامن سی کی کثرت ہے۔ وٹامن سی سورج کی شعاعوں کے مضر اثرات اور جِلد پر جھریاں پڑنے سے بچاتا ہے۔ یہ جسم میں کولیجن کو محفوظ کرنے کی صلاحیت کو بڑھا دیتاہے۔

انار کا جوس :بالی ووڈ باربی کوئین قطرینہ کیف ناشتے میں انار کا جوس پیتی ہیں۔ انار کا جوس قدرتی آکسیڈیشن کو کم کرتا اور بڑھتی عمر کے اثرات روکنے میں مددگار ہے۔ روزانہ 8اونس انار کا جوس پینے سے جِلد بے داغ، تروتازہ اور توانا محسوس ہوتی ہے۔ انار کے جوس میں الیجک (Ellagic) ایسڈ اور پیونی کلاجن (Punicalagin) موجود ہوتا ہے۔ یہ دونوں اجزاء جِلد کو خراب ہونے ، نقصان پہنچانے والے ماحولیاتی عوامل، جِلد کا ڈھیلا پن ، سیاہ دھبے اور خشکی سے محفوظ رکھتے ہیں ۔

ایواکاڈو

ایواکاڈوکا شمار سیلیبرٹی فروٹ میں کیا جاتا ہے، اس پھل میں چکنائی ، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ یہ تمام اجزاء جِلد کی موئسچرائزنگ اور دھوپ سے جھلس جانے والی جِلد کے لیے مفید ہیں ۔یہ پھل جسم کو گلوٹاتھائیون نامی مادے کی فراہمی بآسانی بناتا ہے، جو بڑھتی عمر کے اثرات کو زائل کرتا ہے۔ یہی نہیں، ایواکاڈو وٹامن بی اور وٹامن ای کی خصوصیات سے مالا مال ہوتاہے، یہ دونوں وٹامن جِلد کی تروتازگی اور شفافیت کے لیے بے حد ضروری ہیں ۔

سیب

اگر آپ سدا بہار جوان نظر آنا چاہتی ہیں تو ہرے سیب کا استعمال کریں۔ صحت کے لیے ہرے سیب کے بہت سے فائدے ہونے کے ساتھ ساتھ یہ خوبصورتی کے لیے بھی اہم پھل مانا جاتا ہے، جِلد کو پرکشش رکھنے کے ساتھ یہ پھل آنکھوں کے نیچے پڑنے والے ہلکے بھی ختم کرنے میں کارآمد مانا جاتا ہے۔اس پھل میں آئرن کے ساتھ وٹامن سی پایا جاتا ہے اور یہ دونوں چیزیں انسانی جِلد کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ اسے چمکدار بناتی ہیں۔ اپنی روزانہ کی خوراک میں ایک سیب ضرور شامل کریں، ایک تازہ جوس کا گلاس بھی آپ کو بہت فائدہ دے گا۔

پپیتا

جِلد کی تازگی ،دلکشی اور شفافیت فراہم کرنے کے لیے پپیتامفید پھلوں میں سے ایک ہے۔ جِلد کی تازگی کے لیے پپیتے کے ماسک کا استعمال خواتین میں خاصا مقبول ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق پپیتا جِلد کو دلکش بنانے کے علاوہ بالوں کو بھی چمکدار بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پپیتے میں موجود وٹامن اے اورپاپین نامی کچھ ایسے خصوصی انزائم پائے جاتے ہیں، جوجِلد کے مردہ خلیوں کودوبارہ سرگرم کردیتے ہیں، جس سے جِلد تازہ اور چمکدارلگنے لگتی ہے جب کہ یہ جِلد کو خشک ہونے سے بھی بچاتا ہے۔

تازہ ترین