چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے 5 جی اسپیکٹرم کے نیلامی کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکٹرم کی بولی سے 1.7 فیصد اسپیکٹرم کی دستیابی بڑھ گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق آج نیلامی کا پہلا اسٹیج تھا جو بینڈ ایلوکیشن کا تھا، 700 میں ہمارے پاس تین لاٹ تھے جن میں سے دو بک گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2300 میں پانچ لاٹ تھے سارے بک ہو گئے۔ 2600 میں 19 لاٹ تھے تمام بک گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 3500 میں 28 لاٹ تھے جن میں سے 22 لاٹ بک گئے، یعنی 220 میگا ہرٹز بک گئے۔ ایک کمپنی نے 190میگا ہرٹز، دوسری کمپنی نے 180 میگا ہرٹز خریدا جبکہ تیسری کمپنی نے 110 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ اسپیکٹرم کی نیلامی کے فرسٹ اسٹیج پر 507 ملین ڈالر پر پرائس لاک ہوئی۔ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 144.5 ارب روپے میں مکمل ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 597.2 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلام ہوچکا ہے۔ اسپیکٹرم کی بولی سے 1.7 فیصد اسپیکٹرم کی دستیابی بڑھ گئی ہے۔