دبئی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹیڈ کو پہلی شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا۔ تجربے کار کھلاڑی غالب آگئے،شاہد آفریدی کی آل راونڈ کارکردگی اور شعیب ملک کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے پانچ وکٹ سے فتح حاصل کی۔
ملتان نے ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔ملتان نے8گیندیں پہلےہدف عبور کرلیا۔کپتان شعیب ملک نے29گیندوں پر31ناٹ آوٹ رنز دو چھکوں کی مدد سے بنائے۔بولنگ اور فیلڈنگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شاہد آفریدی نے8گیندوں پر16ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ان کی اننگز میں بھی دو چھکے شامل تھے۔اسلام آباد نے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی تھی۔ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ہدف کے تعاقب میں پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جانسن چارلس تھے جو بغیر کوئی رن بنائے وقاص مقصود کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود 26 رنز بنا پائے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے لوری ایونز تھے جو 15 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔حماد اعظم کی اننگز بھی 14 رنز تک محدود رہی، آندرے رسل نے وقاص مقصود کو 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن انہیں محمد سمیع نے 16 رنز پر بولڈ کردیا۔اس سے قبل مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے تھے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔لیگ اسپنر شاہد آفریدی نے18رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔کے آر ایل کی جانب سے فرسٹ کلاس میچ میں8وکٹ لینے والے علی شفیق نےگیارہ رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔جنید خان نے33رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ایک وکٹ محمد عرفان کو ملی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی 51 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے انہوں نے33گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چھکے اور ایک چوکا مارا۔ جبکہ فہیم اشرف اور سمت پٹیل نے 20، 20 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔