• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیراگون سوسائٹی کی اکائونٹس کھولنے کیلئے درخواست پر عدالت برہم، راجہ پرویز کیخلاف غیرقانونی بھرتیاں کیس میں گواہان طلب

لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت نے پیراگون سوسائٹی کی اکائونٹس کھولنے کیلئے درخواست پر برہمی کا اظہار جبکہ عدالت نے راجہ پرویز کیخلاف غیرقانونی بھرتیاں کیس میں گواہان طلب کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے منجمدبینک اکائونٹ کھولنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ نیب کے جواب کی کاپی درخواست گزار کے پاس ہونے پر عدالت نے برہمی کااظہار کیا۔ اکائونٹ کھولنے کی درخواست پر نیب کے جواب کی نقل کیلئے درخواست دینے کی ہدایت کر دی ۔ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ایم ڈی بریگیڈئیر (ر) عالم زیب کی جانب سے درخواست گزار کے وکیل نے بحث کا آغاز کیا تو نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے اعتراض اٹھا دیا کہ ابھی نیب نے چند منٹ قبل یہ جواب عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے دیکھا بھی نہیں اور کاپی درخواست گزار کے وکیل کے پاس ہے۔جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاپی آپ کے پاس کیسے آئی اور اس پر بحث بھی شروع کر دی۔اب آپ پہلے نیب کے جواب کیلئے نقل کی حصول کی درخواست دیں پھر کیس پر سماعت ہو گی جسکے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ دریں اثنا احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف گیپکو میں 437 غیرقانونی بھرتیاں کیس کی سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے بیانات قلمبند کروانے کیلئے گواہان کو طلب کرلیا جبکہ راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست بھی دائر کردی گئی۔تفتیشی مقدمہ پر جزوی جرح مکمل کرلی گئی۔
تازہ ترین