• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی ضمانت کے بعد چوروں اور لٹیروں کا منتر مناسب ہو گا؟

اسلام آباد (طارق بٹ) شہباز شریف کی رہائی کے بعد منظر نامے میں چوروں اور لٹیروں کی گردان یا منتر پڑھنا مناسب ہو گا؟ وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا کہ عمران خان قومی اسمبلی اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کرنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن کی جانب سے خلل ڈالنے اور مداخلت بے جا کے باعث ایسا کر نہیں پارہے۔ تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کا جواز بنتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ شہباز شریف کی لاہور ہائیکورٹ سے نیب کے تحت صاف پانی کیس میں ضمانت ہوجانے کے بعد لٹیروں اور چوروں کا ڈھنڈورا ماند پڑ جائے گا۔ رابطہ کرنے پر وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا کہ کوئی ایک بھی ایسا کیس نہیں بتا سکتا جو حکومت نے کسی اپوزیشن رہنما پر قائم کیا ہو۔ گزشتہ حکومت کے ساتھ کام کرنے والے کسی بھی سرکاری سینئر یا جونیئر افسر سے بدسلوکی بھی نہیں ہو رہی ہے۔ اس استفسار پر کہ شہباز شریف کی ضمانت ہو جانے کے بعد آیا سیاسی محاذ آرائی ماند پڑ جائے گی۔ ندیم افضل چن کا مؤقف تھا اس کا تمامتر انحصار اپوزیشن جماعتوں کی پالیسی پر ہے جہاں تک حکومت کا تعلق ہے اسے توقع ہے کہ غیرضروری محاذ آرائی ختم ہو گی اور دانشمندی سے کام لیا جائے گا۔ تاہم اپوزیشن کا اپنا نقطہ نظر ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ سرکاری پالیسیوں کے خلاف احتجاج ان کا حق ہے۔ ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تازہ ترین