• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلواما حملے سے کس کو فائدہ پہنچا ہے، پاکستان یا بھارت کو؟رحمٰن ملک

اسلام آباد ( طاہر خلیل /ایوب ناصر) سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین رحمن ملک کی طرف سے پلواما حملے پر بھارتی حکومت سے پوچھے گئے 21سوالات میڈیا کو جاری کر دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی جہاں بھی ہو قابل مذمت ہے۔پلواما حملے سے کس کو فائدہ پہنچا ہے، پاکستان یا بھارت کو،کہیں کرتارپور بارڈر کے کھلنے سے بھارتی حکومت پریشان تو نہیں ،جس سے سکھ پاکستان سے خوش ہیں؟ کہیں امریکہ اور طالبان کو ایک میز پر لانے کی پاکستانی کوشش بھارت کو بری تو نہیں لگی، پلواما حملے پر بھارتی حکومت، عوام اور وہاں کی وکلاء برادری سے 21 سوالات پوچھتا ہوں، امید ہے بھارتی حکومت جواب دے گی، جان بحق 44 سپاہیوں میں سے زیادہ تر غریب سکھ تھے، کس نے ان سب کو ایک گاڑی میں سوار کیا ؟ سب سکھ سپاہیوں کو ایک ہی وین میں سوار کرنا کہیں سازش تو نہیں؟ حملے کے فوراً بعد ہی بغیر تفتیش کے بھارت نے پاکستان کوکیسے موردالزام ٹہرایا؟ جیش محمد کے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کے باوجود بھارت اس پرکیسے الزام لگا رہا ہے؟کیا بھارتی حکومت جائے وقوعہ کی حملے سے 24 گھنٹے پہلے و بعد کی گوگل تصاویر شئیر کریگا؟کیا بھارتی حکومت ہلاک شدہ ہر سپاہی کے نسلی پس منظر کو شئیر کرے گی؟کانوائے کمانڈر کون تھا، حملے کے وقت کہاں تھا، اسکا کیا بیان ہے؟ جس نوجوان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے کیا اسکو کبھی حراست میں لیا گیا تھا؟ کیا ذمہ داری قبول کرنے والے جوان کی وین میں موجودگی کی گواہی کسی غیر جانبدار نے دی ہے؟ اگر آئی ای ڈی گاڑی کانوائے میں داخل ہوئی ہو تو کیسے سخت سیکورٹی میں داخل ہوئی؟بھارتی حکومت نے سیکورٹی غفلت و ناکامی پر کیا ذمہ داروں کیخلاف انکوائری کا حکم دیا ہے؟ 342 کلوگرام بارود سے بھری گاڑی کانوائے میں کیسے داخل ہوئی جبکہ ہر 7 کلومیٹر پر فوجی چوکی ہے؟کشمیرکے چپے چپے پر بھارتی فوج موجود ہونے کے باوجود کیسے اتنی بڑی مقدار میں بارود بھری گاڑی پہنچ سکی؟ کیا حملے میں استعمال شدہ گاڑی، گاڑی کے ماڈل و مالک کا پتہ چلا لیا گیا ہے ؟ جائے وقوعہ 150 کلومیٹر اندر ہے، کیسے کوئی اجنبی بارود بھری گاڑی بغیر اندرونی سہولت کار داخل ہوسکا؟کس نے 2500 اہلکار پرمشتمل کانوائے کو بغیر سیکورٹی کلیئرنس روانہ کیا تھا؟کہیں کرتارپور بارڈر کے کھلنے سے بھارتی حکومت پریشان تو نہیں ہے جس سے سکھ پاکستان سے خوش ہیں؟ کیا بھارتی اسٹیٹ ایکٹرز نے کرتارپور بارڈر کو سبوتاژ کرنے کیلئے پلواما حملہ تو نہیں کیا؟کیوں کسی کشمیری رہنماء نے سانحہ پلواما کیلئے پاکستان کو موردالزام نہ ٹہرایا بلکہ بھارتی اعلانیہ کو رد کیا؟ کہیں امریکہ اور طالبان کو ایک میز پر لانے کی پاکستانی کوشش بھارت کو بری تو نہیں لگی ہے کہ الزام لگایا؟ پلواما حملے سے کس کو فائدہ پہنچا ہے، پاکستان یا بھارت کو؟رحمن ملک نے امید ظاہر کی ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ ان سوالوں کے جواب میڈیا کے ذریعے ہی دینا پسند کرے گی۔

تازہ ترین