• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام کا اصل پیغام بلاتفریق انسانیت کی خدمت کرنا ہے، ڈاکٹر سعید عنایت اللہ مکی

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) سعودی عرب کے فضلیۃ الشیخ استاذ العلما شیخ الحدیث و تفسیر ڈاکٹر سعید عنایت اللہ مکی نے کہا ہے کہ اللہ رب العالمین نے انسانوں کی فلاح و بقا کیلئے اپنی مخلوق سے سب سے اعلیٰ وارفع خاتم الانبیاء کو بہترین نمونہ بنا کر مکۃ المکرمہ میں مبعوث فرمایا اعلان نبوت کے وقت جب خاتم المرسلین سیدالکونینؐ غارحرا سے گھر واپس آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کانپتے ہوئے اپنی اہلیہ ام المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ ؓسے پوچھا کہ کیا میں اس کا اہل ہوں تو سیدہ طیبہ ام المومنین نے جواباً فرمایا آپ بہترین انسانی خوبیوں کے مالک، انسانوں کے دکھ بانٹنے والے، دوسروں کا بوجھ اٹھانے والے، دوسروں (انسانوں) کی مصیبت میں ان کی مدد کو ان کی جگہ پر پہنچنے والے مدد فرماتے ہیں اور بے روزگاروں ناداروں کو کما کر کھلانے والے ہیں، یقیناً آپ بھی نبوت آخر کے مستحق اور قابل ہیں، شیخ الحدیث ڈاکٹر سعید عنایت اللہ نے ان خیالات کا اظہار سٹی جامع مسجد لانگ سائیٹ مانچسٹر میں خصوصی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس وقت تو قرآن نازل بھی نہیں ہوا تھا کسی سے پڑھا نہیں بلکہ انہوں نے مجسم قرآن نبیٔ آخرالزماں شفیع المذبین کی عملی زندگی کو دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوا اسلام کا اصل پیغام انسانیت کی (بلا مذہب فرقہ، ملک، قومیت) خدمت ہے انہوں نے کہا کہ اب مسلمانوں نے اپنے اس بنیادی مقصد کو چھوڑ دیا ہے اور صرف ظاہری طورپر خود کو مسلمان کہلوا رہے ہیں انہوں نے سوال پوچھتے ہوئے فرمایا کہ کیا اب ہم مسلمان دوسروں کے دکھ میں شریک ہوتے ہیں، دوسروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں، ہمیں مغربی معاشرے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی زندگی کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ دوسرے مذاہب کے لوگ اسلام کی روح پر عمل کرنے والوں کو دیکھ کر اسلام کی عظمت کو تسلیم کریں۔شیخ الحدیث ڈاکٹر سعید عنایت اللہ مکی نے کہا کہ روزہ، نماز، حج، زکوٰۃ ان پر عمل کرنا تو مسلمان پر فرض ہے لیکن اصل اسلام معاشرہ میں بہترین انسان بن کر رہنا ہے جو دوسروں کے دکھ کو بانٹیں پڑوسیوں کے حقوق کا خیال رکھیں کسی بھی مصیبت زدہ کے کام آئیں اور کہیں بھی افتاد پڑے تو وہاں پر اجتماعی امداد کرنے پہنچیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھی جنت کے حصول کی جگہ ہے اس لئے ہمیں اس دنیا میں بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے اس معاشرہ کو جنت بنانے کی ضرورت ہے، یہی ہمارے دین مذہب کا حقیقی مقصد ہے اسلام ہمیں تفرقہ بازی گروہ بندی دوسروں کی برائیوں کی تلاش اور اس کو پھیلانے سے قرآن کریم کے ذریعے منع کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پہلے خود نمونہ اسوۂ حسنہ بن کر تربیت دیں خواتین کو عزت دیں انہوں نے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں بیوی کی عزت کرنا باہر کی پریشانیوں سے اپنی بیوی سے مشورہ لینا بھی سنت ہے۔ انہوں نے تلقین کی کہ اپنے گھروں اور کاروبار و مساجد کےماحول کو قرآن و سنت اور عمل رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنائیں۔ انسانی فلاح کے کام کو عام کریں۔ ڈاکٹر سعید عنایت اللہ مکی نے مفکر اسلام ڈاکٹر علامہ خالد محمد خالد کی علمی ور دینی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ختم نبوت یورپ کے جنرل سیکرٹری مفتی فیض الرحمٰن، مفتی علامہ محمد ثقلین حیدری، قاری مدثر حسین اور دیگر علمائے کرام کے علاوہ بڑی تعداد میں مردو خواتین نے شرکت کی۔

تازہ ترین