• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’بھارتی جیل میں قتل ہوئے شاکر کی میت دی جائے‘‘

بھارتی جیل جے پور میں بھارتی قیدیوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے پاکستانی قیدی شاکر اللہ کے چچا نے مطالبہ کیا ہے کہ شاکر کی میت پاکستان کے حوالے کی جائے۔

مقتول شاکر اللہ کا تعلق سیالکوٹ سے تھا جو غلطی سے سرحد عبور کرگیا تھا۔

شاکر کے چچا جاوید کے مطابق شاکر کا تعلق سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے نواحی گاوں جیسر والہ سے ہے جو غلطی سے بجوات سیکٹر سے سرحد عبور کر گیا تھا جسے بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا تھا۔

شاکر کے چھ بہن بھائی ہیں جو اس وقت کراچی کےعلاقے محمودآباد میں رہائش پذیر ہیں۔

شاکر کے چچا جاوید نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ شاکرکی میت پاکستان کے حوالے کی جائے۔

واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں مسلمانوں کی زندگی کو مزید تنگ کرنے اور پاکستانی و کشمیری شہریوں پر تشدد کے پیش آنے والے واقعات کے دوران جے پور کی جیل میں پاکستانی قیدی شاکر اللہ کو قتل کیا گیا ہے۔

بھارتی جیل میں قید پاکستانی شاکر پر اس کی بیرک میں موجود دیگر قیدیوں نے پتھر وں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا ۔

بھارتی پولیس کے مطابق 4 قیدیوں پر شاکر اللہ کےقتل کا الزام لگایا گیا ہے۔

دیگر واقعات میں 3 کشمیری تاجروں کو انتہا پسندوں نےٹرین میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔

ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی حکام سے رابطہ کیا ہے،ان سے اس واقعے کی تفصیلات طلب کی ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ بھارت اپنی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

تازہ ترین