• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں مسلمانوں پر زندگی تنگ پاکستانی قیدی تشدد سے جاں بحق

نئی دہلی(جنگ نیوز)پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں مسلمانوں کیلئے زندگی کو مزید تنگ کردیاگیا ہے اور پاکستانی و کشمیری شہریوں پر تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں ،جے پور میں پاکستانی قیدی کو قتل کردیا گیاہے جس پر ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی حکام سے رابطہ کیا ہے، بھارتی حکام سے واقعے کی تفصیلات طلب کی ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ بھارت اپنی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں قید ایک پاکستانی کو جیل میں پتھر مار کر قتل کر دیا گیا،شاکر پر اس کی بیرک میں موجود دیگر قیدیوں نے پتھر وں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ 3 کشمیری تاجروں کو انتہا پسندوں نےٹرین میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔ قیدی کے قتل پر کئی سوالات پیدا ہوتے ہیں کہ حملے کے وقت جیل حکام کہاں تھے اور قیدیوں کے پاس پتھر کہاں سے آئے؟ پلوامہ حملے میں 45 سے زائد بھارتی فوجیوں کی ہلا کت کے بعد بھارت میں ہر سطح پر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز اور شدت پسندانہ رد عمل دیا جا رہا ہے اور ہو سکتا ہے کہ راجستھان میں جے پور کی سینٹرل جیل میں قید شاکر اللہ نامی پاکستانی قیدی کی ہلاکت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہو۔ بھارتی پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہےکہ 4 قیدیوں پر اپنے ساتھی قیدی کے قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔

تازہ ترین