• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ، بھارت کی پاکستان کو نکالنے کی مہم، آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ، پاک بھارت میچ ہوگا، آئی سی سی

شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان دشمنی میں اس قدر آگے چلا گیا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ سے نکالنے کی شر انگیز مہم شروع کردی ۔دریں اثناء آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈ سن کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کا کوئی میچ منصوبے کے مطابق نہ کھیلا جائے۔ جبکہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کے لئے 4 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا اجلاس جمعے کو طلب کیا گیا ہے جس میں پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے پر مختلف وزارتوں سے بات چیت کی جائے گی۔آئی سی سی کے آئین میں پاکستان کو تحفظ حاصل ہے۔پاکستان آئین کے مطابق ہر آئی سی سی ایونٹ میں شرکت کا حق رکھتا ہےبھارتی کرکٹ بورڈ کی خواہش کو آئین میں تحفظ ملتا دکھائی نہیں دے رہا ہےآئین کی شق دو میں پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روکنے کے لئے آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ آئین میں کوئی ایسی گنجائش نہیں ہے کہ پاکستان میں ورلڈ کپ کھیلنے سے روکا جائے اور نہ ہی کوئی ایسا معاہدہ ہے جس کی پاسداری کی جائے۔سابق کپتان سنیل گاواسکر کا کہنا ہے کہ اگر یہ مہم آئی سی سی میں جاتی ہے تو اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔تاہم اگر بھارت چاہے تو پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہ کھیلے۔ماضی کے عظیم بیٹسمین سنیل گاواسکر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف اس قسم کی قرار داد لانے سے گریز کرے۔ورنہ اسے شکست ہوسکتی ہے۔بھارتی بورڈ چاہے تو پاکستان سے دو طرفہ روابطہ ختم کرسکتا ہے۔ہربھجن سنگھ کے بعد ایک اور بھارتی کرکٹر اور کپتان سارو گنگولی نے بھی کہا ہے کہ پاکستان سےکرکٹ ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں کے روابط ختم کرکے پاکستان کو سخت پیغام دے۔آئی سی سی کے قوانین کے تحت آئی سی سی کے آٹھ سالہ نشریاتی حقوق کی آمدنی میں سے بھارت کو ساڑھے21 فیصد اور پاکستان کو ساڑھے آٹھ فیصد شیئرز ملتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے تعینات کی گئی کرکٹ کی انتظامی کمیٹی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین شرد پوارکو لکھنے جانے والے خط کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس میں ان سے درخواست کی جائے گی کہ آئی سی سی پاکستان کی ورلڈ کپ 2019 میں شرکت پر پابندی عائد کرے۔اس لئے24فروری سے دبئی میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ اہمیت اختیار کر گیا ہے اجلاس میں احسان مانی ،ایم ڈی وسیم خان شرکت کریں گے۔ بھارت کے کرکٹ بورڈ کی کمیٹی کی جانب سے تیار کیے گئے اس خط کے مسودے میں دھمکی بھی دی گئی ہے کہ اگر پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے نہ روکا گیا تو بھارت ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیاکی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ونود رائے قانونی مشاورت کے بعد اس بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے کہ اس سلسلے میں آئی سی سی سے رابطہ کیا جائے یا نہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمیٹی کے سربراہ کی منظوری کے بعد بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری نے خط کا مسودہ تیار کیا۔ ایک بھارتی آفیشل نے کسی بھی قسم کے خط کی تیاری کے موقف کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی یا کمیٹی نے پاکستان کی شرکت پر پابندی کے حوالے سے کوئی خط تیار نہیں کیا اور اگر انہوں نے ایسا کیا بھی ہے تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اسے مسترد کر دے گی۔

تازہ ترین