• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاک فوج نے دو بھارتی طیارے گرانے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ  پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے ہیں جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو پاک فوج نے گرفتارکرلیا۔

پاکستان نے بھارت کو سرپرائزدے دیا،ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ کی آج صبح کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پرپاک فضائیہ نےجوابی کارروائی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے ہیں ،ایک بھارتی طیارہ آزادجموں کشمیر کی حدود میں گرا جبکہ دوسرا بھارتی طیارہ مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔


بھارتی پائلٹ کو پاک فوج نے گرفتارکرلیا

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ایک بھارتی پائلٹ کو پاک فوج نے گرفتارکرلیا جبکہ باقی دوبھارتی پائلٹوں کی تلاش جاری ہے ،مار گرائے گئے دونوں بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود میں تھے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بھی تصدیق

دفتر خارجہ کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے آج پاکستانی حدود کے اندر سے کنٹرول لائن کے پار کارروائی کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کی مسلسل جارحیت کا جواب نہیں تھا، پاکستان نے نان ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا ۔

دفتر خارجہ کے مطابق کارروائی کا واحد مقصد اپنے دفاع کے حق کا استعمال اور صلاحیتوں کا اظہار تھا، پاکستان کا مقصد ہرگز کشیدگی میں اضافہ نہیں۔

واضح رہے کچھ دیر قبل بھارت کا لڑاکا طیارہ مگ ٹوئنٹی ون مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں تباہ ہوا ہے جس کے باعث دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا  تاہم اب بھارت کی جانب سے  کہا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کی ہے۔

ہماراجواب حیران کن اورغیر متوقع ہوگا

یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی طیاروں نے 3علاقوں میں گھسنے کی کوشش کی ، کسی کیمپ کو نشانہ نہیں بنایا، ایک بھی لاش دکھا دیں ، اب ہماراجواب حیران کن اورغیر متوقع ہوگا، وقت اور مقام کا تعین ہم خود کرینگے، بھارت سرپرائز کا انتظار کرے۔


تازہ ترین