• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی(نمائندہ جنگ، خبرایجنسیاں)ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نےکہا ہےکہ بھارتی طیاروں نے 3علاقوں میں گھسنے کی کوشش کی ، کسی کیمپ کو نشانہ نہیں بنایا، ایک بھی لاش دکھا دیں ، اب ہماراجواب حیران کن اورغیر متوقع ہوگا، وقت اور مقام کا تعین ہم خود کرینگے، بھارت سرپرائز کا انتظار کرے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 350سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا لیکن میں کہتا ہوں کہ کوئی ایک اینٹ بھی نہیں ٹوٹی، اگر وہاں کوئی عمارت ہوتی یا 10لوگ بھی مرے ہوتے تو وہاں ملبہ ہوتا، لاشیں ہوتی، خون ہوتا لیکن جھوٹ کے کوئی پاؤں نہیں ہوتے، ہم نے پہلے بھی بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کیا اور آئندہ بھی کریں گے اور ہم بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے، ہم بھارت کی طرح غیر جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک جمہوری ملک ہیں اور پوری قوم اور سیاسی جماعتیں یکجا ہیں،بھارت نے حملہ نہیں در اندازی کی اور اب ہماری باری ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ بھارت ہمیں کبھی سرپرائز نہیں کر سکتا لیکن ہم بھارت کو سرپزائر کر سکتے ہیں، ہمارا جواب مختلف ہو گا، وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے اور بھارت ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات میں کشیدگی چل رہی ہے، بیوقوف دوست سے عقل مند دشمن بہتر ہوتا ہے، ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارا ہمسایہ بھارت دشمنی میں بھی بے وقوفی اور جھوٹ کا سہارا لیتا ہے، آئيں21منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں رہ کر دکھائیں، وزیراعظم نے کہا تھا کہ حملہ کیا تو جواب کا سوچیں گے نہیں جواب دیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 14فروری کے بعد جب ٹینشن بڑھی تو وہ لوگ پیٹرولنگ کرتے ہیں، کمبٹ ایئر پیٹرولنگ ہر وقت فضا میں رہتے ہیں، 14فروری کے بعد سے کیپ مشن فضاء میں ہیں، پیشہ ورانہ کام چلتے رہتے ہیں۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ان کی فارمیشن چار سے پانچ ناٹیکل میل اندر آئی جنہيں پاکستان ایئر فورس نے چیلنج کیا، بھارتی طیاروں نے جاتے ہوئے پے لوڈ ڈراپ کیا ، ان کے چار بم جبہ کے مقام پر گرے، رات کو ہمارا کمبٹ فارمیشن قریب تھا جب سیالکوٹ میں پہلی بار بھارتی طیارے ریڈار پر آئے ، ہماری فورس نے انہیں چیلنج کیا لیکن وہ قریب نہیں آئے اور اپنی حدود میں رہے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایک بھارتی فارمیشن اوکاڑہ بہاولپور سیکٹر میں ریڈار نے نوٹ کی، اگر یہ ہماری کسی بھی ملٹری پوزیشن پر اسٹرائیک کرتے تو ایئرفورس کی فائٹ ہوتی، اگر یہ مورچے پر اٹیک کرتے تو فوج اور ایئرفورس تیار ہے، اگر آرمی کی پوسٹ پر اسٹرائیک ہوتی تو یونیفارم اہلکاروں کی شہادت ہوتی لیکن ان کا مقصد سویلین کو نشانہ بناناتھا تاکہ وہ دعویٰ کرسکیں کہ انہوں نے دہشت گرد کیمپوں پر حملہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ انہیں لائن آف کنٹرول کی طرف آتے ہوئے اور واپس جاتے ہوئے 4منٹ لگے، اگر ایل او سی پر اسٹرائیک کرتے تو فضائیہ کی فائٹ ہوتی جو نہیں ہوئی۔

تازہ ترین