نیوکاسل (پ ر) پی ٹی آئی کشمیر نارتھ زون کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر پرویز چوہدری نے پاک فضائیہ کی طرف سے بھارت کے دو لڑاکا طیارے گرانے پر پاک فضائیہ، پاک فوج اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، تارکین وطن کشمیری افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا بچہ بچہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ پاکستان کے دفاع کے لیے قربان ہونے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دو لڑاکا طیارے گراکر اور لائن آف کنٹرول کے پارغیر فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بناکر بھارت اور کشمیریوں کے قاتل وزیراعظم مودی کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ہماری افواج پاکستان و آزاد کشمیر کے چپہ چپہ زمین کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہا کہ گرفتار بھارت پائلٹ کو کو رہا کرکے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بہترین مثال قائم کی ہے جس سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا اور عالمی دنیا اور عالمی میڈیا نے بھی پاکستان کی امن کے لیے کاوش کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد برطانیہ میں بے مثال قومی اتحاد اور یکجہتی کی فضا دیکھنے میں آئی، یہ قومی اتحاد اور یکجہتی کی فضا مستقبل میں بھی قائم رکھی جائے گی۔