• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کی بہت سی باتوں پر اختلاف بھی ہے، شفقت محمود

 کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے کہا ہے کہ بلاول زرداری کے سخت لہجہ اور غصہ پر حیرانی ہوئی، بلاول پتا نہیں کس بات پر اتنے گھبرائے ہوئے ہیں، نواز شریف کو علاج کیلئے ہر سہولت دینے کی پیشکش کی لیکن وہ کہتے ہیں میری بات نہ مانی تو خود کو نقصان پہنچالوں گا، شیخ رشید کی بہت سے باتوں پر اختلاف بھی ہے، شیخ رشید کی اپنی جماعت اور اپنے نظریات ہیں، زیادہ آمدنی والوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں زیادہ اضافہ ہوا ہے، سترفیصد لوگوں کیلئے بجلی کے بلوں میں معمولی اضافہ ہوگا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر اور ن لیگ کے رہنما مصدق ملک بھی شریک تھے۔مصدق ملک نے کہا کہ کالعدم تنظیموں میں جن لوگوں نے جرائم کیے ان کا احتساب ہونا چاہئے،جیل بھرو تحریک کے بارے میں کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے، حکومت کی کارکردگی دیکھیں تو جیل بھرو تحریک کی ضرورت نہیں پڑے گی، بجلی کے جو نئے ٹیرف بنائے گئے اس کے بعد غریب اور متوسط طبقہ کا جنازہ نکل جائے گا۔نوید قمر نے کہا کہ قیادت کی طرف سے جو بات کی جائے وہی پیپلز پارٹی کا موقف ہوتا ہے، اعتزاز احسن کا نوازشریف کے بارے میں ایک خاص رویہ رہا ہے، نندی پور کے وقت میں وزیر پانی و بجلی تھا اس وقت واقعی یہ مسئلہ تھا کہ ہماری فائلوں کی وزارت قانون سے منظوری نہیں آرہی تھی۔شفقت محمود نےکہا کہ بلاول زرداری کے سخت لہجہ اور غصہ پر حیرانی ہوئی، ممکن ہے انہیں کسی ایسی بات کا علم ہو جس کا ہمیں علم نہیں ہے، ہوسکتا ہے نیب کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہوں، بلاول کی نواز شریف سے ملاقات بھی گھیرا تنگ ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے، نواز شریف کو علاج کیلئے ہر ممکن سہولت دینے کی پیشکش کی لیکن وہ کہتے ہیں میری بات نہ مانی تو خود کو نقصان پہنچالوں گا، نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنا حکومت کا اختیار نہیں ہے، سپریم کورٹ اگر اجازت دیتی ہے تو بڑے شوق سے باہر جائیں۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی ہوئی جبکہ کچھ نئی تنظیموں پر بھی پابندی لگائی گئی ہے، جن لوگوں نے ریاستی اداروں اور اہلکاروں کے بارے میں باتیں کیں وہ ابھی تک جیل میں ہیں، یہ تمام وہ اقدامات ہیں جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے، کسی تنظیم کو پاکستا ن کی سرزمین استعمال کر کے باہر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تازہ ترین