• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرائسٹ چرچ حملے کے بعد نیوزی لینڈ میں مساجد کھول دی گئی ، جبکہ حملہ آور سے تعلق کے شبےمیں گرفتار 2 افراد بے گناہ نکلے ہیں۔

نیوزی لینڈ پولیس کی جانب سے سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 50 ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ میں واقعے کے بعد مساجد دوبارہ کھول دی گئی ہیں اس سے قبل پولیس کی جانب سے لوگوں کو مساجد نہ جانے کی ہدایت کی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام مساجد پر پولیس موجود رہے گی ۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے بعد 36 افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 11 کی حالت نازک ہے ۔

فائرنگ واقعے میں جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کی مدد کے لیے اب تک43 لاکھ امریکی ڈالر جمع کرلیے گئے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کونسل آف وکٹم سپورٹ گروپوں کے آفیشل پیج کے ذریعے اب تک 28 لاکھ ڈالر جمع ہوئے جبکہ دیگر فنڈنگ پیجز کے ذریعے 15 لاکھ ڈالر جمع ہوئے ہیں ۔

عطیات جمع کرنے والوں کا کہنا ہے کہ متاثرین مدد اور تعاون کے مستحق ہیں ، کوئی بھی رقم ان کے پیاروں کو واپس نہیں لاسکتی لیکن کسی نہ کسی طرح ان کی مشکلات کو کم کرسکتی ہے ۔

کرائسٹ چرچ حملے کے بعد نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین سخت کرنے کی خبروں کے بعد ہتھیاروں کی خریداری تیز ہوگئی ہے ۔ اسلحے کے دکانوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ اسلحے کی خریداری کے لیے دکانوں پر رش بڑھ گیا ہے ۔

واضح رہے کہ حملہ آور برینٹن ٹیرینٹ نے نیوزی لینڈ کے علاقے اوٹاگو میں واقع بروس رائفل کلب سے اسلحے کے استعمال کی ٹریننگ لی ، پولیس نے کلب سے ملزم کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے ۔

نیوزی لینڈ کے اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ سیمی آٹو میٹک ہتھیاروں پر پابندی عائد کی جائے گی ۔

مرنے والوں میں نیوزی لینڈ کی قومی انڈور فٹ بال ٹیم کے گول کیپر عطا علیان بھی شامل ہیں ۔

تازہ ترین