• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کابینہ اجلاس میں جہانگیر ترین بھی شریک ہوئے‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سوئی گیس کے 32لاکھ صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے،جنہیں ڈھائی ارب روپے واپس کئے جائیں گے۔

کابینہ اجلاس پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بریفنگ دی اور ساتھ ہی انکشاف کیا کہ کابینہ کے اجلاس میں تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین بھی شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں گیس بل سے متعلق بات چیت ہوئی اور تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ 32 لاکھ سے زائد صارفین کو اضافی بل بھیجنے کا سلسلہ 2016ء سے جاری تھا، گیس بلز میں اضافے کی تحقیقات جاری ہیں،اس میں ملوث بڑے لوگوں کا نام بھی سامنے لایا جائے گا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بڑی کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچانے کیلئے عوام پر بلز کا بوجھ ڈالا جاتا رہا لیکن حکومت نے بلز واپسی کی مد میں ڈھائی ارب روپے صارفین کو واپس ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 برس میں زراعت پر خرچ میں 60فیصد کمی ہوئی آئندہ 5 سال میں زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور کسانوں کیلئے قرضوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام منسٹرز کو اخراجات محدود کرنے کی ایک بار پھر ہدایت کی۔

فواد چوہدری نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ سے نااہل ہونے والے تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین بھی شریک ہوئے اور انہوں نے زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق بریفننگ دی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت نمبر2 راولپنڈی کو اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے، عدالتوں کی منتقلی انتظامی فیصلہ ہے لیکن ایسا نہ ہو کہ اس سے مخالفین کے دل کی دھڑکن متاثر ہو۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کا پاکستان آنا خوش آئند ہے جب کہ وفاقی کابینہ نے ملائیشیا کے ساتھ ویزا شرائط میں نرمی کی منظوری دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خوردنی تیل کا استعمال کم کرنے کے لئے آگاہی مہم شروع کی جائے گی کیوںکہ خوردنی تیل کے زیادہ استعمال سے نہ صرف زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے بلکہ صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نے وزراء، سیکریٹریز اور محکموں کو اخراجات کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین