• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوسلو میں یوم پاکستان کے موقع پرتقریب کا انعقاد

ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان نے کہاہے کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔ ہم کشمیریوں پر مظالم پر خاموش نہیں رہیں گے۔

اوسلو میں پاکستان کے سفارتخانہ میں یوم پاکستان کے موقع پرتقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نارویجن پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یوم پاکستان کی تقریب کے نظامت کے فرائض سفارتخانہ کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن مس زیب طیب عباسی نے سرانجام دیئے، انھوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔ اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی خالد محمود بھی موجود تھے۔

پاکستانی سفیر ظہیر خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر منصفانہ اور مناسب طور پر حل نہیں ہوتا، خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ترقی کے لیے امن ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن ہماری آزادی اور خودمختاری زیادہ اہم ہے۔

ظہیر پرویز خان نے کہاکہ پاکستان آج ایک مضبوط اور آزاد ملک ہے اور اس کا دفاع قابل تسخیر ہے۔

یوم پاکستان کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ آج کا دن ہمارے ملک و قوم اور برصغیر مسلمانوں کے لیے بہت اہم ہے، برصغیرکے مسلمانوں نے کوشش کی کہ ایک ملک میں رہ سکیں لیکن متحدہ ہندوستان میں مسلمانوں کی کوئی جگہ نہیں تھی۔ ۲۳ مارچ کو منٹو پارک میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلمانوں کو ایک الگ ریاست قائم کرنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج پاکستان ایک مضبوط ملک ہے، پچھلے دنوں ایک ملک نے پاکستان کو چیلنج کرنے کی کوشش کی۔ ہمیں للکارا تو ہماری قوم اور افواج نے متحد ہوکر جواب دیا۔ دشمن ہماری جنگی طاقت نہیں دیکھتا بلکہ ہماری قوم کا عزم دیکھتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ ہماری قوم کی طاقت اور اتحاد ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ ہماری قوم کا عزم بلند ہے۔ پاکستان اپنی اسلامی روایات اور اقدار کے ساتھ دنیا میں برابری کی حیثیت سے رہنا چاہتاہے۔

ظہیر پرویز خان نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں کے بارے میں کہاکہ یہ بہت افسوسناک واقعہ تھا لیکن اس کے بعد جس انداز سے ناروے سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی، وہ اسلام کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اسلام ایک سچا دین ہے اور نبی اکرم ﷺحق کا پیغام دنیا میں لے کر آئے۔

تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان نے پرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائےجبکہ نارویجن پاکستانی بچوں نے قومی نغمے گائے بعض بچے اور بچیوں نے پاکستان کی آرمی، ائرفورس اور نیوی کی وردیوں میں ملبوس ہوکر علامتی پریڈ بھی کی۔

تازہ ترین