• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت علیؓ کی روشن تعلیمات مشعل راہ رہیں گی، احمر اسمعٰیل خان

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) شیر خدا خلیفہ چہارم حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نہ صرف شجاعت، بہادری کی علامت تھے بلکہ ان کی روشن تعلیمات قیامت تک مشعل راہ رہیں گی۔ جنہوں نے سب سے پہلے نبی آخرالزمان محمد عربیؐ کی جانب سے دی گئی دعوت اسلام قبول کی تھی اور ساری زندگی اسلام کی سربلندی کے لیے جدوجہد کی۔ ان خیالات کا اظہار قونصلر جنرل پاکستان احمر اسمعیل، سید نذیر شاہ، لارڈ میئر برمنگھم کونسلر شفیق شاہ نے ولادت باسعادت امیر المومنین حضرت علی ابن عربی طالب کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں کثیر تعداد میں کمیونٹی رہنمائوں اور خلیفہ چہارم حضرت علیؓ کے چاہنے والوں نے شرکت کی۔ احمر اسمعیل نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ارشادات اور فرمودات حضرت علی سے استفادہ حاصل کریں۔ ان کی دی گئی روشن تعلیمات قیامت تک مشعل راہ ہیں۔ کونسلر شفیق شاہ نے کہا کہ حضرت علیؓ نے شجاعت و بہادری سے سفاکی قوتوں کا مقابلہ کیا۔ امت مسلمہ کے لیے صحیح معنوں میں رول ماڈل ہیں۔ آپؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیا میں کامیابی اور آخرت میں ذریعہ نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ حضرت علیؓ کی ولادت کی خوشی میں خصوصی طور پر قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ پاکستان سے آئے ہوئے قوال عمران علی و ہمنوا نے حضرت علی ؓکی شان میں منقبت سناکر شرکا کو علی، علی کہنے پر مجبور کردیا۔ اس موقع پر پروموٹر عابد اقبال نے کہا کہ ہم اپنے کلچر اور ثقافت کو برطا نیہ میں پروان چڑھانے کے لیے ہمیشہ پاکستان سے مختلف آرٹسٹ کے گروپس کو دعوت دیتے رہتے ہیں۔ آخر میں اجتماعی دعا اور لنگر تقسیم کیا گیا۔
تازہ ترین