پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی دلکش اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر ’تمغہ امتیاز‘ کیساتھ اپنی پہلی تصویر جاری کردی۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ مہوش حیات نے تمغہ امتیاز سے نوازے جانے پر فخر اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئےاپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ سبز رنگ کے لباس میں نظر آرہی ہیں اور انہوں نے اپنی شرٹ پر قومی پرچم کا بیج اور تمغہ امتیاز لگا ہوا ہے۔
اداکارہ مہوش حیات نے تصویر شیئر کرنے کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ وہ تمغہ امتیاز کے ساتھ گھر واپس آگئی ہیں اور انہوں نے اس اعزاز کو اپنے دل سے لگایا ہوا ہے جس پر انہیں بہت فخر ہے۔
واضح رہے کہ مہوش حیات کو یوم پاکستان کے موقع پر اپنے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطے ویب سائٹ انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا تھااورتمغہ امتیازاُن تمام لڑکیوں کے نام کیاتھا جن کے بڑے خواب ہیں۔
اپنے ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مہوش حیات کئی مشہور فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں پنجاب نہیں جاؤں گی اور لوڈ ویڈنگ سمیت کئی سپرہٹ فلمیں شامل ہیں۔