• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ایف سی کے جنرل سیکرٹری داتو ونڈسر جان نے کہا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (اشفاق حسین) گروپ کے عہدیداران کی جانب سے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے ساتھ ملاقاتوں کے دعوے سراسر بے بنیاد ہیں، اے ایف سی پاکستان میں پی ایف ایف کے حوالے سے سوائے فیصل صالح حیات کے کسی کو نہیں جانتی اس لئے ان لوگوں کے دعوے مکمل بے بنیاد اور بدنیتی پر مشتمل ہیں۔

پی ایف ایف کے سیکرٹری جنرل لیفٹنٹ کرنل (ر) احمد یار لودھی کے نام جاری اپنے خط میں اے ایف سی کے سیکرٹری نے کہا ہے کہ مبینہ پی ایف ایف کے صدر اشفاق حسین اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ان کے دو عہدیدار اپریل میں کوالالمپور میں ایک بار پھر اے ایف سی کے آفیشلز کے ساتھ ملیں گے۔ سراسر بے بنیاد ہے، ہم اس کی تردید کرتے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اے ایف سی جو کہ فیفا کی ایک کنفیڈریشن ہے متعدد مرتبہ واضح اعلان کر چکی ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی جس کے صدر سید فیصل صالح حیات ہیں۔ ان کو ہی پی ایف ایف کی آئینی باڈی تسلیم کرتے ہیں

۔ اس سے قبل فیفا بھی متعدد مواقع پر واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ وہ صرف فیصل صالح حیات کو صدر پی ایف ایف کے طور پر تسلیم کرتے ہیں، فیکٹ فائنڈنگ وفد کا دورہ بھی کارروائی کے مروجہ طریقہ کار کا حصہ ہے، پاکستان فٹبال کا معاملہ 3اپریل کو ممبرز ایسوسی ایشنز اجلاس میں زیر غور آئے گا۔

اس سے قبل اشفاق حسین کے قریبی ساتھی نوید حیدر کی جانب سے پاکستانی میڈیا پر خبر بھی پھیلائی گئی تھی کہ ان کی کاوشوں سے فیفا کا فیکٹ فائینڈنگ مشن پاکستان آ رہا ہے۔

تازہ ترین