بلوچستان کی وادی کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں موسم گرد آلود ہے، شہر کی فضاء گرد آلود ہونے کے باعث الرجی اور سانس کے مرض میں مبتلا افراد سمیت شہریوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
کوئٹہ شہر اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے اور کم سے کم درجہ حرارت13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کی فضاء گزشتہ شام سے گردآلود ہے، وادی کی فضاء میں گرد اور مٹی کی موجودگی کے باعث شہریوں کو چلنے پھرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر الرجی،دمے ،گلہ ،سینے اور اس طرح کے دیگر امراض میں مبتلا افراد کو گھروں سے نکلنے میں پریشانی اور مشکلات پیش آرہی ہے۔
بلوچستان کے مختلف شہروں میں مطلع خشک اور جزوی طور پر ابر آلود ہے، صوبے کے گرم علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں بتدریج اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں صبح کے وقت مطلع خشک اور جزوی طور پر ابر آلود ہے۔
صوبے کے مختلف شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کوئٹہ میں 13، ژوب میں 11، قلات میں 12، پنجگور میں 15، گوادر میں 17، خضدار میں 19 اور تربت میں 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے گرم علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے، ان علاقوں میں موسم تبدیل ہونے کی وجہ سے پنکھوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سندھ میں گرم رہے گا،تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔