رائل عمان فضائیہ کے کمانڈر، ائیر وائس مارشل متار علی متار العبیدنی نے پیرکو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔
انکی ائیر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ کمانڈر رائل عمان فضائیہ نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا ئی۔
بعد ازاں کمانڈر رائل عمان فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے انکے آفس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی پیشہ ورانہ امور کے علاوہ علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
کمانڈر رائل عمان فضائیہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی حاصل کردہ کامیابیوں کی تعریف کی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل عمان فضائیہ کو ا یوی ایشن کے شعبے اور فوجی تربیت میں بھر پور مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔دونوں معزز شخصیات نے دونوں ممالک میں موجود دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزیدفروغ دینے پر اتفاق کیا۔