• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کو برطانیہ میں ملنے والے حقوق پاکستان میں بھی دیئے جائیں گے، اسد قیصر

لندن(پ ر)موومنٹ فار دی رائٹس آف اوورسیز پاکستانیز کے مختلف ممالک کے نمائندہ افراد پر مشتمل وفد نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جن میں برطانیہ سے موومنٹ کے چیئرمین چوہدری خالق، سیکرٹری ڈاکٹر عنصر حیات سکاٹ لینڈ سے صدر چوہدری فخراقبال، سوئٹزرلینڈ سے انعام الحق، کویت سے صدر عبدالعزیز جٹ ،چیمبر آف کامرس کے ممبر اور بزنس مین راجہ تصدق اور چوہدری عرفان اللہ وڑائچ نے خصوصی شرکت کی۔ اوورسیز کے تمام مطالبات تحریری طور پر سپیکر کو پیش کئے جنھوں نے تمام مطالبات کا قانونی طور پر جائزہ لیتے ہوئے بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا کہا اور کہاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کا پاکستان کے ساتھ رابطہ مضبوط بنانے کی ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے اور ڈبل نیشنل اوورسیز کو جو بنیادی حقوق برطانیہ میں مل رہے ہیں وہی پاکستان میں بھی دیئے جائیں گے اور مزید کہا کہ میں جو بات کرتا ہوں اس پر سو فیصد عمل درآمد کروائوں گا، انھوں نے کہا حالیہ دورہ مانچسٹر کے دوران اوورسیز سے متعلق جو امور و مُشکلات میں نے سُنی تھیں اُن پر کام کروا رہا ہوں جلد نتیجہ سامنے آئے گا اوورسیز میں آباد تمام پاکستانی یکساں عزت و احترام کے مستحق ہیں اوورسیز میں پاکستانیوں کو جو بھی مُشکلات درپیش آ رہی ہیں وہ ڈائریکٹ وزیر اعظم پاکستان کی ویب سائٹس پر بھیجی جا سکتی ہیں اوورسیز میرے اسپیکر چیمبر کی ای میل پر بھیج سکتے ہیں۔ موومنٹ فاردی رائٹس آف اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے کہا ہم تمام اوورسیز ہموطنوں کی طرف سے سپیکر کے انتہائی مشکور ہیں کہ جنھوں نے اوورسیز کے مطالبات کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔ وفد میں شامل چوہدری گلفار احمد، صدر موومنٹ فاردی رائٹس آف اوورسیز پاکستانیز گورنر پنجاب چوہدری سرور سے خصوصی ملاقات کے بعد واپس برطانیہ پہنچ چکے ہیں جنھوں نے کہا اوورسیز کے جائز مطالبات کا حل اوورسیز ہم وطنوں کے ساتھ وطن عزیز پاکستان کے مفاد میں ہے۔
تازہ ترین