• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امتحانات میں اسٹریس کے بجائے کارکردگی بڑھائیں

امتحانات نزدیک آتےہی طلبہ کی بڑی تعداد اسٹریس اور ڈپریشن کا شکار ہوجاتی ہے ،خاص طور پر ایسے طالب علم جو پورا سمسٹر پڑھائی پر خاص توجہ نہیں دیتے لیکن امتحان شروع ہوتے ہی کالج ، یونیورسٹی کی لائبریری ،کینٹین یا پارک میں بیٹھےانفرادی یا اجتماعی طور پر کتابوں میں سر دیئے نظر آتے ہیں۔ امتحانات کا خوف اسٹریس اور ڈپریشن کی شکل اختیار کرکےآپ کی کارکردگی متاثر کرنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ایسے میں سڈنی یونیورسٹی کےپروفیسر اورمینٹل ہیلتھ ایڈوکیٹ ڈاکٹر بینجمن کی توجہ مرکوز رکھنے اور پڑھائی کی طرف دھیان دینے والی ٹپس آپ کے اسٹریس کو مینیج کرنے اورامتحان میں آپ کی کارکردگی بڑھانے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔

توجہ مرکوز رکھنا

توجہ مرکوز رکھنا ایک ایسی اسٹریس مینجمنٹ تکنیک ہے جس میں انسان کے جذبات ،خیالات اور سانس لینے کے مشاہدات شامل ہیں ۔فوری اپنائی جانے والی مشق کے طور پر کرسی پر اس پوزیشن میںبالکل سیدھا بیٹھیں کہ آپ کی ٹانگیں زمین پر رہیں لیکن پشت کرسی سے نہ لگےفون پر 90سیکنڈ کا ٹائم سیٹ کرلیں۔ اپنے دائیں ہاتھ سے بائیں ہاتھ کو ملائیں اور آنکھیں بند کرلیں، معمول سے آہستہ سانس لیتے ہوئے سانس کو نارمل انداز میں لائیں۔ اس دوران ناک سے ہوا داخل ہونے اور خارج ہونے والے احساس کو محسوس کریں، آپ کا دماغ جب یہ خاموشی اور پرسکون اطوار محسوس کرنے لگے تو سانسوں پر توجہ دیں۔امتحان والے دن بھی اگر آپ ذہنی تناؤ محسوس کریں تو آپ سانسوں پر توجہ مرکوز کرکےاعصاب کو پرسکون بنا سکتے ہیں۔ یہ عمل آپ کی لکھنے اور محفوظ کرنے کی صلاحیت میں بہتری پیدا کرے گا۔

توجہ منتقل کریں

بعض اوقات نزدیک رکھا گیا پین اور کاغذ کا ٹکڑا بھی آپ کی توجہ منتقل کرنے،پریشان کن خیالات دور کرنے اور ذہنی تناؤ کم کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔اگر آپ اپنی توجہ کو پیپر اور پین کی صورت منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو سمجھ جائیں کہ امتحان کے ٹاسک پورے کرنا نہایت آسان ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں مراقبہ ایک بہترین عمل ہے، جس کے ذریعے آپ اپنے دماغ سے ان غیر ضروری سوچوں کو خارج کرنے میں مدد حاصل کرپائیں گے جو ایگزام کی تیاری میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیں۔

بھرپور نیند لیں

اگر آپ راتوں کو جاگ کر اور دن بھر سو کر امتحان کی تیاری کرتے ہیں تو یقین جانیے آپ اپنا قیمتی وقت کھورہے ہیں۔ امتحان کے دوران بھی سونے کے وقت کا انتخاب کریں،بہترین کاکرکردگی کے لیے آپ کو بہتر نیند کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر بینجمن اس سلسلے میں نوجوانوں کے لیے سات سے نو گھنٹے کی نیند مقرر کرتے ہیں،اگر آپ کم نیند لیں گےتو دن بھر اسٹریس سے آپ کی کارکردگی متاثر ہوگی۔

ایکسرسائز

ڈاکٹر بینجمن کے مطابق امتحانات کے دوران باقاعدگی سے ایکسرسائز کریں۔ ایسا ماحول تلاش کریں جہاں آپ پرسکون انداز میں لطف اندوز ہوسکیں۔ صبح کا آغاز پارک جاکر ہرے بھرے ماحول میں تھوڑی دیر چہل قدمی کی صورت کریں۔ اس کے علاوہ یوگا یا جِم کلاسز کو چھوڑنے کے بجائے باقاعدگی سے ایکسرسائز کے معمولات جاری رکھیں۔ اس حوالے سے ایکسرسائز کرنے والے دوستوں کو جوائن کریں تاکہ آپ کو انھیں دیکھ کر ترغیب ملے۔

صحت مند غذا

کامیابی کے لیے صرف مخصوص امور پر عمل پیرا ہونا ہی نہیں بلکہ صحت مند طرز زندگی کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے۔ اس سلسلے میں نہ صرف اچھی نیند بلکہ صحت بخش غذا اور مناسب حد تک پانی کااستعمال بھی مددگار ثابت ہوتاہے۔ پڑھائی کے دوران ہی مزیدار لیکن غذائیت سے بھرپور اسنیکس کا استعمال کریں مثلاً چپس اور بسکٹ کے بجائے بادام، پھل، ڈارک چاکلیٹ اور بغیر بالائی والا دہی استعمال کریںکیونکہ طبی ماہرین کی رائے ہے کہ صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن کا باعث بنتا ہے۔

صحت مند ماحول

امتحانات کے دوران صحت مند غذا ہی نہیں، صحت مند ماحول بھی بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ کو کسی مضمون کے مطالعہ یا تیاری میں مشکل درپیش ہے تو اس کا مطالعہ سورج کی روشنی میں کریں۔ اگر آپ باہر بیٹھ کر مطالعے کے شوقین نہیں ہیں تو اپنی اسٹڈی ٹیبل پر چند پھولوں کا اضافہ کرلیں، یہ پھول آپ کا مزاج اور کارکردگی دونوں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

خود کو مشکل میں نہ ڈالیں

دورانِ امتحان خود کو بہت زیادہ مشقت میں مت ڈالیں۔ کسی بھی مضمون کی تیاری کے لیے شیڈول ترتیب دیں، مثال کے طور پر مضامین کے مطالعہ کے اوقات مرتب کریں اور یہ فیصلہ کریں کہ کس مضمون کی تیاری کو کتنا وقت دینا ہے۔ مشکل مضامین کے لیے زیادہ جبکہ آسان مضامین کے لیے کم وقت کی حد مقرر کریں ۔

تازہ ترین