رات کو اچھی اور پُرسکون نیند صحت کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ روزانہ کم از کم 6گھنٹے کی بلاتعطل نیند لیتے ہیں، تو بہت سی بیماریوں اور مسائل سے بچے رہیں گے۔ لیکن جو کوئی اچھی نیند نہ لے سکے، تو عموماً اسے تھکن، بوجھل پن، سردرد اور آنکھوںکے گرد سیاہ حلقوں کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
بیوٹی روٹین کی بات کی جائے تو نیند اس کے بنیادی لوازمات میں سے ایک ہے۔ جب آپ نیندلے رہی ہوتی ہیں تو آپ کے عضلاتی خلیوں کی مرمت ہو رہی ہوتی ہے اور یہ توصرف ایک فائدہ ہے، نیند سے جڑے فائدوں کی ایک طویل فہرست ہے،تاہم فی الحال ہم نیند اور خوبصورتی کے تعلق کو یہاں بیان کریں گے۔
روزانہ کتنی نیند ضروری ہے؟ ہو سکتا ہے ہر ایک کا جواب مختلف ہو لیکن کم از کم 6سے8گھنٹے تک بغیر کسی رکاوٹ کے نیند لینا بہت اہم ہے۔ اگر آپ اس سے کم دورانیے کی نیند حاصل کر رہی ہیں تو اس سے آپ کی ظاہری شخصیت پر اثرات پڑنے شروع ہو چکے ہوں گے۔ سرٹیفائیڈ سلیپ اسپیشلسٹ مائیکل بریئس کا کہنا ہے کہ اپنی موجودہ روٹین کی نیند میں ایک سے تین گھنٹے کا اضافہ کرلیں اور پھر دیکھیں کہ آپ کی شخصیت اور ظاہری خدوخال میں کس قدر بہتری کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔ اپنی نیند کی اس روٹین کو جاری رکھیں، دو سے تین ہفتوں میں لوگ آپ کے چہرے کی شگفتگی سے ہی پہچان لیں گے کہ آپ اچھی خاصی نیند لے رہی ہیں۔ ڈاکٹر بریئس کے مطابق نیند کے کچھ فوائدآپ کو بہتر اور بھرپور نیند لینے پر آمادہ کریں گے۔
جب آپ سوتی ہیں تو جِلد کولیجن (Collagen)نامی ایک مادہ بنا تا ہے ،جس کا کام جِلد کو ڈھلنے سے روکنا اور عضلات کو آپس میں جوڑ کر رکھنا ہوتا ہے۔ نیویارک کی ایک ڈرماٹولوجسٹ پیٹریشیا ویکسلر کے مطابق یہ مرمت سازی کا ایک عمل ہوتاہے ۔ جتنا زیادہ کولیجن پید ا ہو گا اتنی ہی زیادہ جِلدگداز ہوگی اور جھریاں پڑنے کے امکانات کم ہوں گے۔ اگر آپ6کے بجائے 5گھنٹے سوتی ہیں تو جھریوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ کم نیند لینے سے جِلد خشک ہو تی ہے اور جھریاں زیادہ نمایاں ہونے لگتی ہیں۔
جب آپ سوتی ہیں تو آپ کے خون کا بہائو تیز ہوتا ہے جو جِلد میں دمک لانے کا باعث بنتا ہے۔ نیند نہیں لیں گی تو آپ کے رنگ و ر وپ کی دمک، جسے ہم کمپلیکشن کہتے ہیں، وہ بھی پھیکی پھیکی لگنے اور آپ کی جِلد بے جان دکھائی دینے لگے گی۔ ڈاکٹر بریئس کے مطابق نیند سے محرومی جِلد کو بے جان اور رُوکھا کردے تو پھر آپ کا دل بھی آئینہ دیکھنے کو نہیں کرتا ۔
حُسن کے معیار کا انحصار آنکھوں پر ہوتاہے اورنیند پوری نہ ہونے کے نقصان میں سب سے اہم اور خوفناک آپ کی آنکھوں کے گرد حلقوں کا پڑنا ہے۔ یہ ہلکے ہلکے آپ کی خوبصورتی کو ماند کرنے لگتے ہیں۔ دراصل آپ کی نیند پوری نہ ہوتو سب سے پہلے آپ کی سوجی ہوئی آنکھیں ہی بتادیتی ہیں کہ نیند آپ سے روٹھی روٹھی رہتی ہے۔
نیویارک یونیورسٹی کےشعبہ ڈرماٹولوجی کے پروفیسر ڈورس ڈے کے مطابق آپ اگر مناسب نیند لیںگی تو آپ کی آنکھیں سوجی نہیں رہیں گی ،اس کیلئے رات کو سوتے وقت اچھی طرح پانی پئیں اور ایک اضافی تکیے پر سر رکھ کر سوئیں ، اس سے آپ کی آنکھوں کی سوجن کم کرنے میں مدد ملے گی۔ بھرپور نیند اور آرام آنکھو ں کے گرد حلقوں کو کم کرتاہے ۔جب آپ کم نیند لیتی ہیں توخون کابہائو بہتر نہیں ہوتا اور یہ آپ کی آنکھوں کے نیچے جمع ہوسکتاہے ،یہاں چونکہ جِلد قدرے موٹی ہوتی ہے اس لئے حلقے فوراً نمایاں ہو جاتے ہیں۔
ڈاکٹر بریئس کے مطابق آنکھوں کے نیچے رنگت کا اڑنا موروثیت، عمر اور ملانن(دھوپ میں گھنٹوں بیٹھنے کی وجہ سے بھورے نشانات) کی وجہ سے ہوسکتا ہے لیکن اگر آپ بھرپور نیند نہیں لیں گی تو آپ کی آنکھوں کے گرد حلقوں کے مسائل اور بھی پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
پاؤلا بیجو کہتی ہیں،’’آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں میں کمی کے لیے ضروری ہے کہ آپ دن کے اوقات میں سن اسکرین لگانے کو اپنے معمولات میں شامل کرلیں۔ اگر آپ آنکھوں کے نیچے والی جِلد کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاہ حلقوں کو چھپانا چاہتی ہیں تو آپ SPF فارمولے والا کنسیلر (Concealer) استعمال کرسکتی ہیں‘‘۔
کام کی بات یہ ہے کہ نیند کی کمی سیاہ حلقے پڑنے کی بنیادی وجوہات میں شامل نہیں، تاہم اگر کسی کے سیاہ حلقے ہوں تو نیند کی کمی ان حلقوں کو مزید خراب کرنے میں اپنا حصہ ضرور ڈالتی ہے۔