• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماتحت عدلیہ کے بعض فیصلے سپریم کورٹ کے اصولوں کے مطابق نہیں ہوتے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور(خبرنگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نے کہا ہے کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ بعض اوقات ماتحت عدلیہ کے ججز کی جانب سے جاری کئے جانے والے فیصلے سپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائی کورٹس کے وضع کردہ اصولوں اور قوانین کے مطابق نہیں ہوتے۔جوڈیشل افسران کو دیکھنا ہوگا کہ آیا جو قوانین سپریم کورٹ یا ہائی کورٹس نے سیٹ کئے ہیں آپ اس کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں یا نہیں۔قانون کے مطابق کئے جانے والے ماتحت عدلیہ کے فیصلوں کو ہم معتبر سمجھتے ہیں اور وہ سپریم کورٹ تک بھی تبدیل نہیں ہوتے۔فاضل چیف جسٹس نے ان خیالات کا اظہار پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کی افتتاحی تقریب سے کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ چودھری ہمایوں امتیاز اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نذیر احمد گجانہ بھی موجود تھے۔فاضل چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا کہ سکھانے والوں کو بھی سیکھنا پڑتا ہے اور یہ عمل تادمِ مرگ جاری رہتا ہے۔ دنیا جدید ٹیکنالوجی اور قوانین سے روشناس ہورہی ہے جس کا ہر خطے پر اثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ اقوام متحدہ کے تعاون سے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے ٹرینر ز کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کےلئے ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ تمام شرکاءاس پروگرام سے بھرپور استفادہ کریں گے اور پھر ہمارے جوڈیشل افسران کو بھی اس سے مستفید کریں گے۔
تازہ ترین