پشاور کے علاقے حیات آباد فیز7 میں پولیس اور دہشت گردوں میں مقابلہ 13 گھنٹوں سے جاری ہے، مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع تھی کہ حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کرنے والے 6 کے قریب دہشت گرد مکان میں موجود ہیں۔
شوکت یوسف زئی کے مطابق مقابلے میں دہشت گردوں کا ایک ساتھی مارا گیا جبکہ آپریشن میں مکان کا گراؤنڈ فلور کلیئر کر دیا گیا ہے تاہم تہہ خانے میں بھی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا سیکورٹی فورسز اور پولیس حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہیں اور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے مصدقہ اطلاعات پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، گھر میں 6 سے 7 دہشت گرد موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران اے ٹی ایس کا ایک اہل کار شہید ہوا ہے، جس کا تعلق بڈھ بیر ماشو خیل سے ہے، اس کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی جائے گی۔