• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دشمن پاکستان کو غیر مستحکم نہیں کرسکتا، ناہید رندھاوا


لندن(ودود مشتاق) ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے چیئرمین ناہید رندھاوا نے کہا ہے کہ پاکستان میں داخلی عدم استحکام پیدا کرنے کےلئے ٖغیر ملکی طاقتیں سازشوں میں ملوث ہیں لیکن دشمن پاکستان کو غیر مستحکم نہیں کر سکتا۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بس پر حملہ اور ہزارہ برادری کو نشانہ بنانے سمیت دہشت گردی کے واقعات قابلِ مذمت ہیں اور اوورسیز پاکستانی اس پر شدید فکرمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میٍں علیحدگی پسندوں کی مدد کر رہا ہے جو ایک پڑوسی ملک کو زیب نہیں دیتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جسکا ثبوت انہوں نے حالیہ دنوں میں بھارتی پائلٹ کو واپس کر کے دیا لیکن بھارت مسلسل جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر پرامن تعلقات چاہتا ہے لیکن ہماری پر امن کاوشوں کو بھارت سبوتاژ کرنا چاہتا ہے جسے کسی قیمت پر بھی پورا نہیں ہونے دیا جائیگا۔ ناہید رندھاوا نے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنا ہوگا جو کہ انکا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سی پیک اور گوادر جیسے میگا منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اسی لئے بعض قوتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم پاکستان کی تمام سیاسی قوتیں ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ کشمیریوں پر مظالم جاری رکھ کر اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے جیسے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو سکتا ہے تو یہ اسکی بھول ہے وہ ہر سطح پر پاکستانی قوم کو متحد پائےگا۔ انکا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا ءکے استعفوں پر اوورسیز کمیونٹی فکرمند ہے اور انہیں توقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایک بہترین کپتان ثابت ہونگے اور امید ہے کہ حالیہ استعفوں کی صورت میں پیدا ہونے والے بحران پر قابو پالیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان کے سیاسی فیصلے بہتر نتائج لاسکتے ہیں اس لئے پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قوتیں انکو سپورٹ کریں۔
تازہ ترین